ضمنی انتخابات: 13 اسمبلی سیٹوں کے لیے ہوئی ووٹنگ کے بعد 121 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قید، ووٹ شماری 13 جولائی کو

بدھ کے روز 7 ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہوا اور اب ان سبھی اسمبلی سیٹوں پر قسمت آزمائی کرنے والے 121 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قید ہو گئی ہے۔ اس ضمنی انتخاب میں ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی شریک حیات کملیش ٹھاکر سمیت کچھ اہم شخصیات نے اپنی قسمت آزمائی کی ہے۔ آج جن 13 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہوا ہے، ان میں سب سے زیادہ 4 سیٹیں مغربی بنگال کی ہیں، جبکہ ہماچل پردیش کی 3 اور اتراکھنڈ کی 2 سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق 13 اسمبلی سیٹوں میں سب سے زیادہ 78.38 فیصد ووٹنگ مدھیہ پردیش کے امرواڑا سیٹ پر ہوئی ہے۔ اتراکھنڈ کے بدری ناتھ سیٹ پر سب سے کم 47.68 فیصد لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ حالانکہ ابھی حتمی اعداد و شمار سامنے آنے باقی ہیں، یعنی ووٹوں کا فیصد ابھی بڑھ سکتا ہے۔

جن اسمبلی سیٹوں پر آج ضمنی انتخاب ہوئے ان میں بہار کی روپولی (51.15 فیصد)، مغربی بنگال کی رائے گنج (67.12 فیصد)، رانا گھاٹ جنوب (65.37 فیصد)، باگدا (65.15 فیصد) اور مانک تلا (51.39 فیصد)، تمل ناڈو کی وکرم وَنڈی (77.73 فیصد)، مدھیہ پردیش کی امرواڑہ (78.38 فیصد)، اتراکھنڈ کی بدری ناتھ (47.68 فیصد) اور منگلور (67.28 فیصد)، پنجاب کی جالندھر مغرب (51.3 فیصد) اور ہماچل پردیش کی دیہرا (63.89 فیصد)، حمیر پور (65.78 فیصد) اور نالاگڑھ (75.22 فیصد) اسمبلی سیٹ شامل ہیں۔ ان اسمبلی سیٹوں پر پچھلی بار بی جے پی و آزاد امیدواروں نے سب سے زیادہ تین تین سیٹیں جیتی تھیں۔ دوسرے مقام پر کانگریس تھی جس نے دو سیٹیں حاصل کی تھیں۔ ٹی ایم سی، بی ایس پی، جنتا دل یو، عآپ اور ڈی ایم کے سے ایک ایک امیدوار فتحیاب ہوئے تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com