ماب لنچنگ کا شکارنوجوانوں کے اہل خانہ سے آل انڈیا ملی کونسل کے وفد کی ملاقات، متاثرہ خاندان کے تئیں اظہار ہمدری اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی، حکومت اس قسم کی وحشیانہ سرگرمیوں پر روک لگائے: مولانا عبدالمالک مغیثی

دیوبند: (سمیر چودھری) آل انڈیا ملی کونسل کے ایک وفد نے آج مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی کنوینر آل انڈیا ملی یوتھ آرگنائزیشن کی قیادت میں چھتیس گڑھ میں وحشیانہ ماب لنچنگ کے شکار گنگوہ کے لکھنوتی میں مقتولین کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے اظہار ہمدردی پیش کی اور اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور سے کچھ فاصلے پر شرپسندوں کی ایک بھیڑ نے تین مسلم نوجوانوں کو پیٹ پیٹ کرہلاک کردیا تھا،مرنے والوں کے نام گڈو عرف تحسین قریشی ساکن بنت شاملی جس کے چار چھوٹے بچے ہیں اورچاند میاں قریشی جس کی چھ ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی وصدام قریشی ساکنان لکھنوتی جس کی شادی ہونے ہی والی تھی۔

وفد نے سب سے پہلے چاند مرحوم و صدام مرحوم کے والد نوشاد قریشی سے لکھنوتی قصبہ کے ذمہ داران کی موجودگی میں ملاقات کر کے تعزیت مسنونہ پیش کی اور مولانا نے مرحومین کے لواحقین کو صبر جمیل کی تلقین کرتے ہوئے اپنی اور ملی کونسل کی جانب سے مرحومین کے اہل خانہ کو حسب استطاعت مالی مدد بھی پیش کی۔ بعد ازیں مولانا نے مرکز والی مسجد لکھنوتی میں نماز ظہر میں ایصال ثواب کرتے ہوئے مقتولین کے درجات بلندی و مغفرت اور پسماند گان کے لئے صبر جمیل کی دعاءکی۔

اس سلسلہ میں مولانا عبدالخاق مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن لکھنوتی و صدر جمعیة علماء بلاک گنگوہ کے یہاں منعقد میٹنگ میں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے اس طرح کے سنگین واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی اور امن وامان بنائے رکھنے کےلئے اور ایسی مجرمانہ اور وحشیانہ سرگرمیوں پر روک لگانے کے لئے مجرموں پر سخت کارروائی ضروری ہے۔ اس طرح کے واقعات ایک کثیر مذہبی تہذیب والے ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے اور اس پر افسران کی خاموشی اس سے بھی زیادہ خطرناک ہے جس سے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے ،اس طرح کے واقعات ہماری تہذیب پر ایک داغ ہے اور انسانیت کو شرمسار کرنے والے ہیں۔ اس نازک وقت میں آل انڈیا ملی کونسل اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ تمام مجرموں کو گرفتار کرکے ان پر سخت کاروائی کی جائے اور مرنے والوں کو معقول معاوضہ دیا جائے۔

وفد میں مفتی غیاث الدین مہتمم مدرسہ ندینة العلوم لکھنوتی، مولانا عارف نائب صدر ملی کونسل، مولانا اسجداحمد العلوم خانپور، مولانا الطاف گھاٹم پور، مولانا ادریس اشرف العلوم گنگوہ، قاری شوقین الحسنی ترمت کھیڑی، مولانا وسیم، ڈاکٹر واصل تگھری، قاری جابر بوڈ پور، صوفی ساجد خانپور، مولانا بلال فتح پور، مولاناوسیم جھاڑون، ماسٹر راشد، بڑھی مزرعہ، چودھری عبدالباسط جھاڑون، عمران قریشی، مفتی عبداللہ وغیرہ سمیت علماء و سرکردہ لوگ شامل رہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com