دہلی میں آئی اے ایس کے طلبہ کی موت پر کھڑگے، راہل و پرینکا گاندهی سخت برہم، اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیا

دہلی کے اولڈ راجندر نگر میں آئی اے ایس کے ایک کوچنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ہوئی 3 طلبہ موت پر سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ اس پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سخت حملہ کرتے ہوئےاسے حکومت کی ناکامی اور غیرذمہ دارانہ رویہ قرار دیا ہے۔

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی مجرمانہ لاپرواہی کی وجہ سے دارالحکومت دہلی میں آئی اے ایس کوچنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں پانی بھر جانے سے تین نوجوانوں کی جان چلی گئی۔ ان کے خاندان سے ہماری گہری تعزیت۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سے پہلے ایک اور یو پی ایس سی امیدوار کی پٹیل نگر میں پانی بھر جانے کی وجہ سے بجلی کا کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ کانگریس نے دہلی کو بین الاقوامی سطح کا شہر بنایا تھا۔ آج ہندوستان کا دارالحکومت بے حسی کا شکار ہے۔ آئے روز حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ ملک کے دارالحکومت میں اس قسم کا حادثہ رونما ہونا ہم سب کے لیے انتہائی تشویشناک ہے۔ ہمیں اپنی راجدانی کو بہتر بنانا ہے تاکہ ہمارے شہری محفوظ رہیں اور یہاں رہنے اور آنے والوں کو یہ اعتماد حاصل ہو کہ وہ ملکی دارالحکومت میں نظر انداز نہیں ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اس دلدوز واقعے کو نظام کی مشترکہ ناکامی قراردیتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہلی میں ایک عمارت کے بیسمنٹ میں پانی بھر جانے سے مقابلہ جاتی امتحان میں شرکت کرنے والے طلباء کی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ چند روز قبل بارش کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے ایک طالب علم کی موت ہو گئی تھی۔ میں تمام سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ یہ انفراسٹرکچر کا منہدم ہونا ہے جو نظام کی مشترکہ ناکامی ہے۔ غیر محفوظ تعمیرات، ناقص ٹاؤن پلاننگ اور ہر سطح پر اداروں کی غیرذمہ دارانہ رویے کی قیمت عام شہری اپنی زندگی گنوا کر چکا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محفوظ اور سہولیات کے ساتھ زندگی ہر شہری کا حق اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی اس واقعے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ‘ایکس’ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوچنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں پانی بھرنے سے تین طالب علموں کی موت کا واقعہ دل کو دہلا دینے والا ہے۔ میں مرنے والوں کی روح اور سوگوار خاندانوں کے لیے ایشور سے پرارتھنا کرتی ہوں۔ حال ہی میں ایک طالب علم کی کرنٹ لگنے سے موت ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ غفلت اور بدانتظامی کی انتہا ہے کہ جو بچے اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے یہاں آتے ہیں ان کی زندگیاں ان سے چھن رہی ہیں۔

پرینکا گاندھی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ یہ مجرمانہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ اس کا احتساب ہونا چاہیے ۔ اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ جن علاقوں میں مقابلہ جاتی امتحان کی تیار کرنے والے طلبہ رہتے ہیں، وہاں سے ہر وہ تعمیر اور ہر وہ سرگرمی جو غیر قانونی ہو، اسے درست کیا جانا چاہئے۔ اپنی اس پوسٹ کے ساتھ پرینکا گاندھی نے اس واقعے پر احتجاج کرنے والے طلبہ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔واضح رہے کہ دہلی کے اولڈ راجندر نگر میں راؤ آئی اے ایس اسٹڈی سینٹر کے بیسمنٹ میں پانی بھر جانے سے ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ کوچنگ سینٹر میں قیام پذیر 3 طالب علموں کی پانی میں ڈوبنے سے موت ہو گئی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com