آئی او ایس میں تعزیتی اجلاس: ڈاکٹر عبدالرشید اگوان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار

نئی دہلی: ( پریس ریلیز) انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز نئی دہلی (آئی او ایس) میں آج ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں نامور دانشور اور آئی او ایس کے سابق جنرل سکریٹری ڈاکٹر عبدالرشید اگوان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر عبد الرشید اگوان 1986 سے 1993 تک آئی او ایس کے پہلے جنرل سکریٹری رہے ہیں ، اس کے بعد 1995 تک وہ فائننس سکریٹری رہے ، انہو ںنے آئی او ایس کیلئے اسلام اور ماحولیات کے عنوان سے ایک کتاب بھی تحریر کیا تھا ۔

اس موقع پر آئی او ایس کے سرپرست پروفیسر زید ایم خان، ممتاز قانون دان اور چیرمین پروفیسر افضل وانی، معروف دانشور کلیم الحفیظ، سینئر صحافی منصور آغا، ڈاکٹر ایم اے جوہر اور سماجی رہنما قاسمی رسول الیاس سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے ڈاکٹر اگوان کی علمی، فکری، اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے علمی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔

پروفیسر زیڈ ایم خان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالرشید اگوان ایک بے حد مخلص، متحرک اور بصیرت افروز شخصیت تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی علم و تحقیق کے لیے وقف کر دی تھی اور ان کی تحریریں اور تحقیقات علمی دنیا میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

آئی او ایس کے چیرمین پروفیسر افضل وانی نے اس موقع پر کہا کہ ڈاکٹر اگوان کی شخصیت نے ہمیشہ انصاف، امن اور انسانیت کے فروغ کے لیے کام کیا۔ ان کی رحلت سے ہم ایک عظیم رہنما اور محقق سے محروم ہوگئے ہیں۔آئی او ایس کو انہوں نے اپنی زندگی کاکئی سال دیا اور اس کو آگے بڑھایا جس کی و جہ سے وہ ہمیشہ یادرکھے جائیں گے ۔

کلیم الحفیظ نے کہا کہ ڈاکٹر اگوان کی زندگی کا مقصد سماجی اصلاح اور عوام کی فلاح و بہبود تھا۔ ان کی تحریروں اور علمی کاموں میں ہمیں ہمیشہ رہنمائی ملتی رہے گی۔

ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اگوان کی وفات سے ہم نے ایک عظیم دوست، رہنما، اور استاد کھو دیا ہے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس موقع پر مرحوم اگوان کے صاحبزداے نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سبھی کا شکریہ ادا کیا ، علاوہ ازیں ڈاکٹر مظفرحسین غزالی ، سید منصور آغاز ، صحافی جاوید رحمانی سمیت متعدد لوگوں نے اپنے تعلقات کا اظہار کیا ۔ مولانا عبد اللہ طارق نے تلاوت قرآن سے آغاز کیا اور اختتام پر دعاء بھی انہوں نے کرائی ۔ جناب منصور صاحب نے نظامت کا فریضہ انجام دیا ۔

آئی او ایس کے جنرل سکریٹری جناب محمد عالم صاحب نے اپنی گفتگو میں کہاکہ مرحوم اگوان صاحب ایک اچھے منتظم اور اعلی دماغ کے مالک تھے ، انہوں نے آئی او ایس کے مقاصد کو بروئے کار لانے میں ہر ممکن جدوجہد کی تھی ۔ آئی او ایس کے بانی ڈاکٹر منظور عالم ہمیشہ ان کی انتظامی صلاحیت اور علمی قابلیت کا ذکر کرتے ہیں اور اس کے قائل ہیں ۔

تعزیتی اجلاس میں ڈاکٹر عبدالرشید اگوان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے، ان کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔اجلاس کے اختتام پر شرکاءنے ڈاکٹر عبدالرشید اگوان کے مشن کو جاری رکھنے اور ان کے علمی و فکری ورثے کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com