وقف بل پر دوسرا اجلاس آج، یہ مسلم تنظیمیں اپنا موقف رکھیں گی

نئی دہلی: وقف (ترمیمی) بل 2024 پر تشکیل جے پی سی کا دوسرا اجلاس آج جمعہ (30 اگست 2024) کو پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔

جے پی سی نے کئی مسلم تنظیموں کو بل پر اپنے اپنے خیالات پیش کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔ ان تنظیموں میں آل انڈیا سنی جمعیت علماء ممبئی، انڈین مسلمز فار سول رائٹز، نئی دہلی؛ اتر پردیش سنی سنٹرل وقف بورڈ اور راجستھان مسلم وقف بورڈ کے نمائندے شامل ہیں معلوم ہوا ہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کو بھی اپنی بات رکھنے کے لئے مدعو کیا جائے گا -اس سے قبل بورڈ اندھرا کے وزیراعلی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرنا چاہتا ہے بہرحال آج مذکورہ بالا تنظیمیں جے پی سی کی میٹنگ میں بل کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات پیش کریں گی

اس سے پہلے جے پی سی کا پہلا اجلاس گزشتہ ہفتے 22 اگست کو منعقد ہوا تھا، جو کافی ہنگامہ خیز تھا۔ پہلے اجلاس کے دوران اقلیتی امور کی وزارت کے نمائندوں کی جانب سے وقف (ترمیمی) بل 2024 اور اس بل میں پیش کی جانے والی مجوزہ ترامیم کے بارے میں معلومات دی گئی تھیں، لیکن اپوزیشن جماعتیں اس سے مطمئن نظر نہیں آئیں۔ سابقہ اجلاس کے دوران بل کے مقصد اور اس کی شقوں کو لے کر بی جے پی اور اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ اپوزیشن جماعتوں کے رویے کو دیکھتے ہوئے جمعہ کا اجلاس بھی ہنگامہ خیز ہونے کی توقع ہے۔

مشترکہ پینل میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 31 ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔ ان میں لوک سبھا کے 21 اور راجیہ سبھا کے 10 ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔

کمیٹی میں شامل لوک سبھا کے ارکان پارلیمنٹ جگدمبیکا پال، نشی کانت دوبے، تیجسوی سوریا، اپراجیتا سارنگی، سنجے جیسوال، دلیپ سائکیا، ابھیجیت گنگوپادھیائے، ڈی ارونا، گورو گگوئی، عمران مسعود، محمد جاوید، مولانا محب اللہ، کلیان بنرجی، اے راجا، لاو سری کرشنا دیورایالو، دلیشور کامیت، اروند ساونت، ایم سریش گوپی ناتھ، نریش گنپت مہاسکے، ارون بھارتی اور اسد الدین اویسی ہیں۔ جبکہ راجیہ سبھا سے برج لال، میدھا وشرام کلکرنی، غلام علی، رادھا موہن داس اگروال، سید نصیر حسین، محمد ندیم الحق، وی وجے سائی ریڈی، ایم محمد عبداللہ، سنجے سنگھ اور ڈی ویریندر ہیگڑے کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

بی جے پی ایم پی جگدمبیکا پال جے پی سی کے چیئرمین ہیں۔ بل پر غور کرنے کے بعد جے پی سی کو پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس کے پہلے ہفتے کے آخری دن اپنی رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com