منشیات دہشت گرد لڈی رام کو ای ڈی نے گرفتار کیا، ملزم حزب المجاہدین کو رقم فراہم کراتا تھا

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نارکو دہشت گردی کے ملزم لڈی رام کو منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اس پر حزب المجاہدین کی مالی معاونت کا بھی الزام ہے۔ ای ڈی نے ملزم کو جموں کی عدالت میں پیش کیا جہاں اسے چار دن کے لیے ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ ای ڈی کے مطابق جموں و کشمیر میں نارکو دہشت گردی کا یہ ماڈیول منشیات کے ذریعہ کمائے گئے کالے دھن کو دہشت گردانہ سازشوں میں استعمال کرا رہا تھا۔

ای ڈی کے مطابق یہ رقم ہندوستان میں دہشت پھیلانے کے لیے حزب المجاہدین کے دہشت گردوں کو بھیجی جا رہی تھی۔ ای ڈی نے سال 2019 میں جموں و کشمیر پولیس کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر پر اپنی تحقیقات شروع کی تھی۔ 2019 میں جموں و کشمیر پولیس نے نارکو دہشت گردی کے اس معاملے میں ارشد احمد، فیاض احمد ڈار، لڈی رام اور کچھ دیگر کو گرفتار کیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے ان کے پاس سے منشیات اور نقدی برآمد کی تھی۔

نیوز پورٹل ‘اے بی پی’ پر شائع خبر کے مطابق ای ڈی کی تحقیقات میں منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے درمیان گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ منشیات بارڈر سے ارشد احمد تک پہنچتی تھی جس کے بعد منشیات لڈی رام کے ذریعے فیاض احمد تک پہنچتی تھی۔ پنجاب اور جموں و کشمیر میں منشیات فروخت کی جاتی تھیں۔ اس کے بعد منشیات سے حاصل ہونے والی رقم حزب المجاہدین سے وابستہ دہشت گردوں کو بھیجی جاتی تھی۔ لڈی رام سے پہلے ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں ماسٹر مائنڈ ارشد احمد اور فیاض احمد کو بھی گرفتار کیا ہے۔

ای ڈی کے مطابق، بینک ٹرانزیکشنز اور پروفائلنگ نے منشیات کی فروخت سے نقد رقم کے بڑے ذخائر کا پتہ لگایا ہے، جو مشکوک طریقے سے بھیجے گئے تھے، تاکہ رقم کے اصل ذریعہ کو چھپایا جاسکے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com