نئی دہلی: حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے بیان میں تمام مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انھوں نے بورڈ کی آواز پر لبیک کہا ، اور وقف ترمیمی بل کے خلاف جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کو بڑی مقدارمیں ای میل روانہ کیئے ، اللہ کرے کہ حکومت جمہوری تقاضوں کو سامنے رکھ کر اس بل کو واپس لے لے، اور ایسا قانون بنانے سے گریز کرے جو اقلیت دشمنی پر مبنی ہو، آپ نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بل کی واپسی کے لیے خوب دعا کا اہتمام کریں ، کیونکہ کوئی بھی واقعہ خواہ وہ خوش کن ہو یا تکلیف دہ، اللہ کی مرضی کے بغیر پیش نہیں آسکتا۔ آپ نے کہا ہے کہ بورڈ اس بل کو روکنے کے لیے قانون و آئین کے دائرہ میں رہتے ہوئے مختلف سطح پر کوشش کر رہا ہے، اور وہ حالات کو سامنے رکھ کر احتجاج کی مختلف پر امن صورتوں کے بارے میں فیصلہ کرے گا، اس لئے مسلمانوں کو چاہئے کہ بورڈ جب بھی آواز دے، اور جس بات کی اپیل کرے، تمام مسلمان دل و جان سے اس پر عمل کریں، اور وقف کی اہمیت کے پیشِ نظر ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار رہیں۔