’ تحریک ریشمی رومال‘کا آزادئ ہندمیں اہم کردار ہے:حامد انصاری
دیوبند؍نئی دہلی(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
حضرت شیخ الہند مولانامحمود حسن دیوبندیؒ اور ان کے رفقاء کے ذریعہ ملک کی آزادی کی خاطرؒ ؒ ؒ ؒ ؒ ؒ ؒ انگریزوں کے خلاف چلائی گئی ’ریشمی رومال تحریک‘ کو زندو وجاوید رکھنے اور نئی نسل و غیر اردو داں طبقہ کو اس تحریک کی خدمات و مقاصد اور اہمیت سے روشناس کرانے کے لیے دیوبند کے علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والی پروفیسر ڈاکٹر ایلا مشرا نے ہندی زبان میں’’تحریک ریشمی رومال‘‘ کے عنوان سے کتاب مرتب کرکے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیاہے ،جس کا گزشتہ روز نائب صدر جمہوریہ ہند محمد حامد انصاری کے دست مبارک سے اجراء عمل میں آیا۔ڈاکٹر ایلا مشرا کی کاوشوں کی یہاں علمی حلقوں میں زبردست پذیرائی ہورہی اور قلمکار ودانشوران نے ڈاکٹر ایلا مشرا کی اس خدمت پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ دیوبند کے معروف تعلیمی ادارہ ایچ اے وی انٹر کالج کے منیجر گڈو مشرا کی ہونہار صاحبزادی ڈاکٹر ایلا مشرا نے اسی عنوان پرپی ایچ ڈی کی ہے۔ ڈاکٹر ایلا مشرا کی کئی سالوں کی سخت محنت و مشقت کے بعد یہ کتاب منظر عام پر آئی ہے،جس کا گزشتہ روز نائب صدر جمہوریہ ہند حامد انصاری نے اپنی رہائش گاہ پر اجراء کیا۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ محترم حامد انصاری نے ڈاکٹر ایلا مشرا کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ’ تحریک ریشمی رومال‘کا آزادئ ہند میں اہم کردار ہے ،جس میں شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی کے ساتھ کانگریس کے سابق صدر ڈاکٹر مختار احمد انصاری بھی پیش پیش تھے۔ انہوں نے کہاکہ ریشمی رومال ہندوستان کی آزادی کی بہت بڑی اور مضبوطی تحریک تھی جس میں مسلم رہنماؤں کی قیادت میں مسلم اور ہندو تمام لوگ متحد ہوئے تھے اور اس تحریک نے آزادی حاصل کرنے کے جذبہ کو مزید مضبوط کیا تھا۔ انہوں نے ایلا مشراکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ یقینی طورپر اس تحریک کی تفصیلات ہندی زبان میں مرتب ہونے سے نہ صرف نئی نسل بلکہ ہندی زبان سے واقفیت رکھنے والوں کو فائدہ ہوگا اور وہ اس تحریک کے مقاصد کو آسانی سے سمجھ سکے گیں۔ اس موقع پر کانگریس ترجمان و سابق رکن پارلیمنٹ راشد علوی نے حضرت شیخ الہند کی تحریک ریشمی رومال پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر ایلا مشرا کی ستائش کی اوربتایاکہ وہ کئی مرتبہ اس تحریک کا تذکرہ پارلیمنٹ میں کرچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ایلا مشرا کا یہ کارنامہ یقیناًتاریخ ساز ہے ،جس سے نئی نسل کو فائدہ پہنچے گا۔ ڈاکٹر ایلا مشرا نے ملت ٹائمز کو بتایاکہ انہوں نے اس عنوان پر پی ایچ ڈی مکمل کرلی ہے اور وہ علمی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس تحریک کے عنوان پر انہیں متعدد قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں اور سیمیناروں میں شرکت کا موقع ملا اور انہیں اس خدمت کے لئے حکومت سعودی عربیہ کی جانب سے اعزاز سے نوازا جاچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ تحریک ہندو مسلم ایکتا کی علمبردار ہے اور ان کے ذریعہ اس تحریک پر قلم اٹھانے کے سبب انہیں زبردست حوصلہ افزائی کی گئی۔