دیوبند: (سمیر چودھری) این آئی اے کی ٹیم نے سنیچر کے روز صبح سویرے دیوبند میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔ ٹیم نے نوجوان کو پوچھ تاچھ کی غرض سے اپنے ساتھ دہلی لے گئی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور اے ٹی ایس نے مشترکہ طورپر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے بہار کے ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ این آئی ے کی ٹیم نے غیر ملکی فنڈ کے معاملہ میں ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے جس کو ٹیم اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ سنیچر کے روز علی الصبح این آئی اے کی ٹیم نے محلہ خانقاہ سے جس نوجوان کو حراست میں لیا ہے، وہ صوبہ بہار کے ضلع کٹہیار کا رہنے والا بتایا جارہا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ نوجوان دیوبند میں ایک کتب خانہ میں کام کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی فنڈنگ کے معاملہ میں این آئی اے کی ٹیم نے اس نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔ مشتبہ نوجوان کے ساتھ ٹیم اس کی اہلیہ کو بھی دیوبند کے اے ٹی ایس سینٹر لے کر گئی تھی لیکن پوچھ تاچھ کے بعد ٹیم نے خاتون کو چھوڑدیا اور نوجوان کو اپنے ساتھ لے گئی۔ نوجوان کے پاس سے ایک لیپ ٹاپ بھی ملا ہے جس کو ٹیم نے اپنے قبضہ میں لے لیا۔ اس سے قبل این آئی اے کی ٹیم مہاراشٹر، مالیگاﺅں اور جموں کشمیر میں بھی چھاپہ ماری کرچکی ہے جہاں سے کئی مشتبہ لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ مقامات سے حراست میں لئے گئے لوگوں سے پوچھ تاچھ کی بنیاد پر ہی دیوبند سے نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے، حالانکہ مقامی انتظامیہ اس سلسلہ میں کوئی بھی معلومات دینے سے کتراتی نظرآئی۔