آج نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے انہیں عہدے کا حلف دلایا ہے۔ کانگریس نے فی الحال حکومت میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
جموں: نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے آج جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ تاہم، پارٹی کے لیڈر سریندر کمار چودھری نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کی لیڈر سکینہ اتو، جاوید رانا، جاوید احمد دار اور ایم ایل اے ستیش شرما اور دیگر نے کابینی وزراء کے طور پر حلف لیا ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے انہیں عہدے کا حلف دلایا ہے۔ خیال رہے کہ جموں کشمیر میں آرٹیکل ۳۷۰؍ کی منسوخی کے بعد عمر عبداللہ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے والے پہلے شخص ہیں۔
قبل ازیں انہوں نے ۲۰۰۹ء تا ۲۰۱۵ء تک بطور وزیر اعلیٰ خدمات انجام دی تھیں۔ حلف برداری کی تقریب میں انڈیا اتحاد کے لیڈر اور کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے بھی شرکت کی تھی۔ تاہم، کانگریس نے فی الحال حکومت میں شامل نہ ہونے کا اعلان نہیں کیا ہے اورمرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جموں کشمیر کا ریاست کا عہدہ بحال کرے۔
یاد رہے کہ جموں کشمیر کے انتخابات میں کانگریس نے ’’نیشنل کانفرنس‘‘ کے ساتھ اتحاد کیا تھا۔ ۱۰؍ اکتوبر کو نیشنل کانفرنس کے انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد عمر عبداللہ نیشنل کانفرنس قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب ہوئے تھے۔