کلب کے ممبران نے تبدیلی کے مقابلے پریس کی آزادی کے تحفظ کو دیا ترجیح
نئی دہلی : ( اشرف علی بستوی) پریس کلب آف انڈیا کے الیکشن کے نتیجے آگئے،اس بار پھر گوتم لہری پینل کے سبھی 21 امیدواروں نے بڑ ی جیت درج کی ہے۔
صدر کے عہدے پر سینئر صحافی گوتم لہری، نائب صدر کے عہدے پر دی وائر کی خاتون جرنلسٹ سنگیتا بروا پشارٹی، سکریٹری جنرل کے عہدے پر دی پروب کے نیرج ٹھاکر ، جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر نو بھارت کے افضل امام اور خزانچی کے عہدے پر نیوز نیشن کے موہت دو بے بھاری ووٹوں سے کامیاب ہو ئے ہیں, ان کے ساتھ پینل کے مینجنگ کمیٹی کے سبھی 16 امیدواروں نے بھی جیت درج کی ہے۔
گوتم لہری پینل نے گزشتہ سال کی حصول یابیوں, اور مستقبل کے منصوبوں، میڈیا کی آزادی اور ورکنگ جرنلسٹوں کے حقوق کے تحفظ پر ووٹ مانگا، جبکہ حزب مخالف نے تبدیلی کو الیکشن کا موضع بنایا تھا ۔
گزشتہ سال کے مقابلے اس سال اچھی پولنگ رہی اس بار 1357ووٹ پڑے۔
پریس کلب کی 16 رکنی مینیجنگ کمیٹی میں اس بار ایشیا ٹائمز کے چیف ایڈیٹر اشرف علی بستوی، آسومیا پرتی دن کے آشیش گپتا ، پی ٹی آئی کے سابق سینیئر جرنلسٹ امیتابھ رائے چودھری، ٹائمس آف انڈیا کی میگھنا دھولیا، یونیوارتا کے محمد آزاد ، آزاد صحافی این آر موہنتی، آزاد صحافی پرگیا سنگھ، ،این ڈی ٹی وی کی آدیتی راجپوت، ٹائمز آف انڈیا کے آنند و چٹو پادھیائے، پی آر سنیل ملیالم لائیو ،سی این این نیوز 18 کے رویندر کمار، نیوز 18 کے شنکر کمار آنند ، آزاد صحافی،سنیل نیگی، دی کاروان کی سربھی کانگا، بپا سریش بابو، ساوتھ انڈیا ٹائمز اور آل انڈیا ریڈیو کے ابھشیک کمار سنگھ کامیاب ہوئے ہیں۔
پریس کلب کے چار ہزار 532 ممبر ہر سال 21 رکنی کمیٹی کا انتخاب کرتے ہیں، جس میں 16 مینیجنگ کمیٹی کے ممبر اور 5 عہدے داران کا انتخاب عمل میں آتا ہے۔
اس بار صدر کے عہدے کے لیے تین امیدوار گوتم لہری، ارون شرما، اتل مشرا میدان میں تھے، نائب صدر کے لیے سنگیتا بروا پشارٹی، پرہلاد سنگھ راجپوت، راہل چوپڑا آمنے سامنے تھے،سیکریٹری جنرل کے عہدے پر نیرج ٹھاکر، لکشمی دیوی، سراج ساہل کے درمیان مقابلہ تھا، جوا ئنٹ سیکریٹری کے عہدے کے لیے افضل امام، اجے کمار سریواستوا، انور چوہان سواتی ورما میدان میں اترے جبکہ خزانچی کے عہدے کے لیے تین امیدوار اتل یادو ، موہت دوبے ، نریش گپتا نے الیکشن میں حصہ لیا۔
الیکشن کمشنر کی ذمہ داری ایم ایم سی شرما نے نبھائی۔