ای وی ایم کے خلاف لگاتار آواز اٹھانے والی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے اب بیلٹ پیپر سے انتخاب کا راستہ ہموار کرنے کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان آج پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے ‘سنویدھان رکشک ابھیان’ (تحفظ آئین مہم) کے عنوان سے منعقد ایک تقریب میں اپنی تقریر کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بیلٹ پیپر سے ہی انتخاب ہو اور اس کے لیے ہم بھارت جوڑو یاترا کی طرح پورے ملک میں مہم چلائیں گے۔
اپنے خطاب میں کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ ”میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ پوری طاقت لگا کر او بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور کمزور طبقات کے لوگ جو ووٹ دے رہے ہیں، وہ فضول جا رہا ہے۔ ہمارا کہنا ہے کہ سب چھوڑ کر اب بیلٹ پیپر سے انتخاب کرانا چاہیے۔ ای وی ایم مودی-شاہ اپنے گھر میں رکھیں یا گجرات کے گودام میں رکھ دیں۔ ہمارا بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ بیلٹ پیپر سے انتخاب کرایا جائے۔ اگر ایسا ہو جائے تو ان لوگوں (بی جے پی والوں) کو پتہ چل جائے گا کہ وہ کہاں کھڑے ہیں۔”
’’میرا کہنا ہے ہماری پارٹی کو ایک مہم شروع کرنی چاہیے اور سبھی پارٹیوں کو بھی اس میں ساتھ لینا چاہیے۔ ہم راہل گاندھی جی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی طرح پورے ملک میں مہم چلائیں گے۔‘‘ اس دوران کانگریس صدر نے ذات پر مبنی مردم شماری کا ایشو بھی اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی ذات پر مبنی مردم شماری سے ڈرتے ہیں، لیکن انھیں یہ سمجھ لینا چاہیے کہ سماج کا ہر طبقہ اپنی حصہ داری چاہتا ہے اور اس کا مطالبہ کر رہا ہے۔