بھوپال: اندور میں یکم جنوری 2025 سے بھکاریوں کو بھیک دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ نے شہر کو بھکاریوں سے پاک کرنے کے لئے اقدامات شروع کر دیے ہیں اور اس حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ اگر کوئی شخص یکم جنوری سے بھیک دیتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلع کلکٹر آشییش سنگھ نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ نے پہلے ہی شہر میں بھیک مانگنے پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص یکم جنوری کے بعد بھیک دیتے ہوئے پایا گیا، تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد لوگوں کو بھیک دینے سے روکنا ہے اور اس عمل میں شریک افراد کو جرم میں شریک نہ بننے کی ترغیب دینا ہے۔
انتظامیہ نے بھیک مانگنے والے گروہوں کا بھی پردہ فاش کیا ہے اور کئی بھکاریوں کا دوبارہ آبادکاری کا عمل بھی شروع کیا ہے۔ اس کے علاوہ، مرکزی وزارتِ سماجی انصاف و انسانی حقوق نے ہندوستان کے 10 شہروں میں بھکاریوں سے آزاد کرنے کے لئے ایک پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا ہے، جس میں اندور بھی شامل ہے۔
اندور میں حالیہ مہینوں میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ بعض خاندان بار بار بھیک مانگنے میں ملوث ہیں اور ان پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے تاکہ یہ عمل روکا جا سکے۔