مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام داعش و دہشت گردی کے خلاف 19مارچ کو سیمینار

نئی دہلی : (پریس ریلیز)
tمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام ’’داعش ودہشت گردی کی بیخ کنی میں قومی یکجہتی کا کردار‘‘ کے موضوع پر19مارچ کو اہل حدیث کمپلیکس ، اوکھلا نئی دہلی میں ایک قومی سیمینا ر کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جمیعت اہل حدیث کی طرف سے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 4-5 مارچ کو دہلی میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند یا صوبائی جمعیت اہل حدیث دہلی کی طرف سے عالمی سمینار یا کسی طرح کا پروگرام منعقد نہیں ہو رہا ہے بلکہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام 19مارچ کو دہلی میں’داعش ودہشت گردی کی بیخ کنی میں قومی یکجہتی کا کردار‘‘ کے موضوع پر ایک کل ہند سیمینار منعقد ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض مفاد پرست عناصر، سادہ لوح احباب جماعت کو کچھ اہم شخصیات کے نام پر لبھانے کی کوشش کررہے ہیں اور انہیں مرکزی و صوبائی جمعیت اہل حدیث دہلی کے پروگرام کے نام پر دھوکہ سے دہلی بلا رہے ہیں ۔ ان لوگوں نے 2012 میں بھی فتنہ انگیزی کی تھی اور بعض معززین کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی جس پر پوری جماعت نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور مثالی اجتماعیت کا ثبوت دیا تھا ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام و خواص سے اپیل ہے کہ وہ مرکزی وصوبائی جمعیات اہل حدیث سے متعلق پھیلائی جارہی افواہوں پر دھیان نہ دیں، اس طرح کے غلط پروپیگنڈوں سے ہوشیار رہیں، طالع آزماؤں کے فریب و دجل کا حصہ نہ بنیں۔آپسی تال میل اور باہمی مشورے سے دستوری تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے جماعت کے دینی، ملی، قومی ، جماعتی اور انسانی کاز کو آگے بڑھانے کی بھر پور کوشش کرتے رہیں۔