نئی دہلی: آل انڈیا ملی کونسل کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری شیخ نظام الدین نے کمبھ میلے میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہ حادثہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے، جس نے کمبھ میلے میں شریک افراد کے لیے ایک بڑے المیے کی شکل اختیار کی۔
شیخ نظام الدین نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“یہ سانحہ نہ صرف متاثرین کے لیے بلکہ پوری قوم کے لیے ایک آزمائش ہے۔ کمبھ جیسے اہم موقع پر ایسا واقعہ ہر دل کو غمزدہ کرتا ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ متاثرین جلد از جلد اس مشکل گھڑی سے نکل سکیں۔”
آل انڈیا ملی کونسل حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس واقعے کی جامع تحقیقات کی جائیں اور حفاظتی تدابیر کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ ساتھ ہی متاثرین کے لیے فوری امداد اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
آل انڈیا ملی کونسل تمام سماجی اور رفاہی تنظیموں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے آگے آئیں اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنے کی کوشش کریں۔
ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ متاثرین کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے اور اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کو جلد صحتیاب کرے۔