ہمارے بزرگوں نے آئین بنایا، اب ہم سب کو اس آئین کی حفاظت کرنی ہے: مولانا سجاد نعمانی

رحمن فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک بھر میں 76 واں یوم جمہوریہ قومی پرچم لہرا کر اور انسانیت کی خدمت کر کے منایا گیا۔

 یوم جمہوریہ معاشرے کے کمزوروں، محروموں اور اقلیتوں کا دن ہے۔

لکھنؤ: عالمی شہرت یافتہ مسلم رہنما مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر کہا کہ ہمارے بزرگوں نے بڑی جدوجہد کے بعد آئین بنایا تھا۔ ہم اس آئین کو بچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا مذہبی اور انسانی فریضہ بھی ہے۔ ہم اس میں بہتری لانے کی ہر ممکنہ کوشش کریں گے۔

مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے کہا کہ ہمارے علما کرام، مساجد کے امام، نوجوان طلبا اور خواتین قومی قیادت کے ہنر سیکھیں اور سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات میں اپنے ملک کو فرقہ پرست طاقتوں اور معاشرے کو انتشار پھیلانے والے عناصر سے کیسے بچایا جائے؟ ہندوستانی آئین کی بنیادی روح پر ملک کا ہر طبقہ کیسے عمل کرے، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ ملک کے ہر شہری کو دستور میں دیئے گئے حقوق کیسے ملیں، اس کی تربیت لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے نمازی ہوں یا مندر کے پُجاری، ملک کے ہر طبقے کے لیے فخر کا دن ہے۔ یوم جمہوریہ معاشرے کے کمزوروں، محروموں اور اقلیتوں کا دن ہے۔ اس لیے اس دن کو جوش و خروش اور پورے خلوص کے ساتھ منانا چاہیے۔

مولانا نعمانی نے بتایا کہ جمہوریت کے عظیم تہوار یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک بھر میں پھیلی رحمن فاؤنڈیشن کی شاخوں میں مختلف قسم کے پروگرام منعقد کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ نیرل ہیڈ کوارٹر میں بلڈ ڈونیشن کیمپ میں 335 افراد نے خون عطیہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام میں جان اور زندگی کو بہت بڑی نعمت قرار دیا گیا ہے۔ ایک جان کو ناحق قتل کرنا پوری انسانیت کو قتل کرنے کے مترادف ہے، وہیں اگر کسی نے ایک جان کو بچا لیا گویا اس نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔

جمہوریت کے عظیم تہوار کے موقع پر ملک بھر میں پھیلی رحمن فاؤنڈیشن کی 22 شاخوں کے رضاکاروں نے مفت میڈیکل کیمپ، اسکولی بچوں کو بیگ، ضرورت مندوں کی مدد، راشن کٹس، گرم کپڑے وغیرہ تقسیم کرکے قابل تعریف کام کیا۔ ساتھ ہی پولیس اسٹیشن اور ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو پھول اور مٹھائیاں کھلا کر قومی تہوار کی خوشیاں بانٹیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com