بنگلور: شہر گلستان بنگلور ٹھنی سندرہ میں واقع معروف سماجی تنظیم فجر ٹرسٹ کے نئے دفتر کا افتتاح 26 جنوری بروز یوم جمہوریہ ایک پروقار تقریب بمقام فیضی مسجد، ٹھنی سندره میں کیا گیا۔ اس پروگرام میں علاقے کے معزز شخصیات اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔ دفتر کا افتتاح فجر ٹرسٹ کے معمر ممبر جناب خادم نبی خان کے ذریعہ انجام پایا۔ اس موقع پر ٹرسٹ کی جانب سے غریب اور ضرورت مند افراد کے لیے کی جانے والی خدمات کا جائزہ پیش کیا گیا۔ ٹرسٹ کے رکن جناب مسعود حمید صاحب نے فجر ٹرسٹ کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اس ٹرسٹ کا اہم مقصد لوگوں کو فجر نماز با جماعت مسجد سے جوڑنا، فجر کی برکات حاصل کرنا اور ٹھنی سندرہ علاقے سے مسلمانوں میں غربتی کے خاتمے کے لئے تحریک چلانا اور تعلیم کا فروغ ہے۔
فجر ٹرسٹ کے رکن، محترم جناب برہان الدین صاحب نے سورہ اعراف آیت 34 کی تلاوت اور مفہوم پیش کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ ہر گروہ کو آزمانے کے لئے ایک معین میعاد عمل عطا فرماتا ہے۔ جو اس مہلت کو صحیح استعمال کرکے اُس سے فائدہ اٹھا کر اللہ کو راضی کر لیتا ہے، وہ کامیاب ہوگا۔ اور جو اللہ کے بتائے ہوئے راستے سے بغاوت کرکے صرف دنیاوی زندگی میں گرفتار ہو جاتا ہے، وہ شخص ناکام ہوتا ہے اور آخرت میں سزا پائیگا ۔ اسلئے ہمیں ہمیشہ اپنے اعمال کا جائزہ لیتے رہنا چاہیے۔
فجر ٹرسٹ ٹھنی سندرہ علاقے میں واقع بھارتیہ سٹی نیکو ہومز، شوبھا سٹی، پیکادلی، پریسٹج ہاؤسنگ، کمانڈو گلیکسی اور دیگر ہاؤسنگ سوسائٹی میں مقیم مسلمانوں کی فلاحی تنظیم ہے۔ فجر ٹرسٹ نے اپنے مائیکرو فائنانس پروگرام کے تحت 100 سے زائد افراد کو بلا سودی مالی مدد فراہم کررہی ہے ۔ اِس کے علاوہ بہت ہی قلیل مدت میں ٹرسٹ نے ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لیے 21 سلائی مشینیں تقسیم کیں۔ تعلیم کو فروغ دینے کے لیے “اسکول واپسی پروگرام” کے تحت 30 بچوں کو اسکول میں دوبارہ داخلہ دلوایا گیا اور ان کی فیس، کتابیں اور دیگر ضروریات کا انتظام کیا گیا۔
مزید برآں، “مسجد مسلّہ پروگرام” کے تحت دو مختلف سلم علاقوں میں اسکا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ وہاں مقیم بچوں کو دینی تعلیم حاصل ہو سکے اور ساتھ ہی پانچ وقت کے نماز با جماعت کا نظم قائم ہو۔۔ غریب طبقے کی روزگار کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 15 افراد کو سبزی اور پھل بیچنے کے لیے پش کارٹس فراہم کی گئیں۔ شادی کے اخراجات میں مدد کے لیے 25 مستحق خاندانوں کی مالی امداد کی گئی۔
اِس موقعے پر ایڈووکیٹ محمد نوشاد نے انکم ٹیکس اور دیگر قانونی ضروریات پر روشنی ڈالی۔
فجر ٹرسٹ کے رکن جناب رؤف صاحب نے فرمایا کہ ٹرسٹ اپنی خدمات کو مزید وسیع کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور یہ نیا دفتر اس مشن کو کامیابی سے آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
اِس موقعے پر فجر ٹرسٹ کے ارکان جناب اکبر شریف، جناب سمیر اِقبال، جناب شایان عمر، جناب عرفان رزاق، جناب شاہد ، جناب محمد عظیم، جناب عبدالجبار ، جناب شعیب، جناب پرویز ، جناب عظیم، جناب اصغر پاشا ، جناب فرحت عباس، جناب فروز ۔ جناب شمس نوید، وغیرہ بھی موجود تھے۔