نئی دہلی: نو تقرر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے بدھ کی صبح 26ویں چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کے طور پر عہدہ سنبھال لیا۔ اس سے قبل پیر کو انہیں نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر رہے راجیو کمار 18 فروری کو ریٹائر ہوئے تھے۔
آج صبح عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ قوم کی خدمت کا پہلا قدم ووٹ دینا ہے۔ ہندوستان کا ہر شہری جنہوں نے 18 سال کی عمر مکمل کر لی ہے انہیں ووٹ ضرور دینا چاہیے۔
1988 بیچ کے آئی اے ایس افسر گیانیش کمار الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے نئے قانون کے تحت تقرر کیے جانے والے پہلے چیف الیکشن کمشنر ہیں۔ ان کی مدت کار 26 جنوری 2029 تک رہے گی۔
گیانیش کمار کے چار سالہ دور میں 20 ریاستوں اور 1 مرکز کے زیر انتظام علاقے (پڈوچیری) میں انتخابات ہوں گے۔ اس کی شروعات بہار اسمبلی انتخابات سے ہوگی اور آخری انتخابات میزورم میں ہوں گے۔