ہیگڈے نگر مساجد فیڈریشن، تھنی سندرا، بنگلور کا ” سیوا کیندر“ بمقام مسجد فیضی کمپلیکس _ ایک قابلِ ستائش اقدام
مطالعات کے مطابق مسلمانوں کی تقریباً 40 فیصد آبادی خطِ افلاس سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ مسلمان اپنے وسائل، خاص طور پر زکوٰۃ و صدقات کے ذریعے غریبوں کی مدد کی بھرپور کوشش کرتے ہیں، مگر اس کے باوجود غربت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ دوسری طرف حکومت بھی فلاحی اسکیموں کے ذریعے ضرورت مندوں کی مدد کرتی ہے۔ ایک حالیہ سرکاری رپورٹ کے مطابق تقریباً 80 کروڑ افراد کو راشن سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ لیکن افسوس کہ زیادہ تر مستحق مسلمان ان اسکیموں سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے۔
ایسی صورتحال میں ضروری ہے کہ جب کوئی مدد کے لیے آئے تو ہم اس سے چند بنیادی سوالات ضرور کریں:
1. کیا تمہارے پاس آدھار کارڈ اور راشن کارڈ ہے؟
2. کیا تم بی پی ایل (BPL) کارڈ رکھتے ہو؟
3. صحت کارڈ بنوایا ہے؟
4. اگر بیوہ ہو تو ودھوا کارڈ حاصل کیا؟
5. اگر معذور ہو تو معذوری کارڈ بنوایا؟
6. اگر عمر رسیدہ ہو تو اولڈ ایج پنشن کارڈ لیا؟
7. اگر خاتون ہو تو گروہ لکشمی اسکیم کے لیے درخواست دی؟
اگر ان میں سے کچھ کارڈ موجود ہیں، تب بھی مدد کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ اور اگر یہ کارڈ نہیں بنوائے، تو کیوں؟ اکثر لوگ لاعلمی کی وجہ سے ان سہولیات سے محروم رہتے ہیں۔ ایسی صورت میں ہمیں چاہیے کہ انہیں نقد رقم دینے کے بجائے کسی سائبر کیفے بھیجیں اور وہاں کے عملے سے درخواست کریں کہ وہ ان کے تمام ضروری کارڈز اور اسکیموں کے لیے آن لائن درخواستیں بھر دے۔ جو بھی فیس ہو، وہ ہم خود سائبر کیفے کو ادا کریں۔ اگر ممکن ہو تو درخواستوں کی ایک کاپی اپنے ای میل پر بھی محفوظ رکھیں تاکہ بعد میں ان کا فالو اپ کیا جا سکے۔
اگر آن لائن درخواست سے بھی یہ کارڈز حاصل نہ ہوں تو ایسے افراد سے رجوع کریں جو یہ کام مکمل کرواتے ہیں اور ان کی مناسب فیس ادا کریں، لیکن سیدھا پیسہ یا بھیک دینے سے گریز کریں۔
اس حوالے سے مساجد فیڈریشن ہیگڈے نگر، بنگلور – 64 کی جانب سے حال ہی میں قائم کردہ “سماجی سیوا کیندر” ایک قابلِ ستائش قدم ہے جو کہ مسجد عبد الرحیم فیضی کامپلیکس بسوالنگپانگر میں واقع ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہر بڑی مسجد میں اسی طرح کے مراکز قائم کریں، تاکہ مستحقین کو ان کے قانونی حقوق اور حکومتی سہولیات سے جوڑا جا سکے۔ اگر اس عمل میں کوئی رکاوٹ آئے تو مقامی نمائندوں جیسے کارپوریٹر، مکھیا، ایم ایل اے وغیرہ سے مدد لی جا سکتی ہے۔
اس سلسلے میں مزید معلومات کے لیے مسجد فیضی کامپلکس، تھنی سندرا، بنگلور یا مجھ سے براہِ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
محمد نوشاد ایڈووکیٹ
نیکو ہومز، بھارتیہ سٹی، بنگلور
موبائل نمبر: (9661428796)