نئی دہلی: آج 25 مارچ کو دہلی کے معروف علاقے جامعہ نگر، جوگا بائی میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز (IOS) کی عمارت میں تعاون ٹرسٹ کی جانب سے رمضان فوڈ کٹس تقسیم کی گئیں۔ یہ کٹس جیت پور، نور نگر، تیمور نگر، ذاکر نگر، طوبیٰ کالونی، بٹلہ ہاؤس، جوگا بائی، عظیم ڈیری، ابوالفضل انکلیو اور شاہین باغ کے غریبوں، مسکینوں اور بیواؤں میں تقسیم کی گئیں۔ اس خصوصی موقع پر ملت ٹائمس کے چیف ایڈیٹر جناب شمس تبریز قاسمی صاحب نے فوڈ کٹس تقسیم فرمائیں اور مستحقین سے ملاقات کی۔
تقریب میں بڑی تعداد میں سماجی کارکنان، اہل خیر اور مقامی لوگ موجود تھے۔ مستحقین میں راشن کی یہ کٹس خصوصی طور پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران روزہ داروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فراہم کی گئیں۔ ان فوڈ کٹس میں آٹا، چاول، دالیں، چینی، تیل، کھجوریں اور دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش شامل تھیں تاکہ ضرورت مند افراد کو رمضان کے دوران افطار اور سحری کے لیے آسانی ہو۔
تعاون ٹرسٹ ملک کا ایک معروف رفاہی اور غیر حکومتی ادارہ (NGO) ہے، جو 1998 سے بانی چیئرمین ڈاکٹر منظور عالم صاحب کی قیادت میں انسانی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ٹرسٹ نے ملک کی مختلف ریاستوں میں بے لوث خدمات انجام دیتے ہوئے غریبوں، ناداروں، بیواؤں، یتیموں اور محتاجوں کی مدد کی ہے۔ قدرتی آفات جیسے زلزلے، سیلاب اور طوفان کے دوران متاثرین کی بحالی اور بازآبادکاری کے لیے بھی ٹرسٹ نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
تعاون ٹرسٹ کی بنیادی ترجیحات میں غرباء و مساکین کی مدد شامل ہے۔ ہر سال سردیوں کے موسم میں ٹرسٹ کی جانب سے ضرورت مندوں میں کمبل، گرم کپڑے اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کی جاتی ہیں، جبکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریب اور مستحق خاندانوں میں فوڈ کٹس تقسیم کی جاتی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ضرورت مندوں کی مدد کرنا اور انہیں اس مبارک مہینے میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔
تعاون ٹرسٹ کے منتظمین نے اس موقع پر اہل خیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس نیک کام میں حصہ لیں اور تعاون ٹرسٹ کی کاوشوں میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مستحقین کی مدد کرنا سب سے بڑی نیکی ہے اور اس کام میں ہر شخص کو اپنی بساط کے مطابق حصہ ڈالنا چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر جناب شمس تبریز قاسمی صاحب نے اس فلاحی کام میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملت ٹائمس ہمیشہ ایسے سماجی اور رفاہی کاموں کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ انہوں نے تعاون ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ادارے معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتے ہیں اور ضرورت مندوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں۔
تعاون ٹرسٹ کا یہ اقدام نہ صرف دہلی بلکہ ملک بھر میں ایک مثال ہے کہ کس طرح سماجی تنظیمیں اور رفاہی ادارے مل کر مستحقین کی زندگی میں آسانی پیدا کر سکتے ہیں۔