واشنگٹن: امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ کے لیے ویزا لینا مزید مشکل ہونے والا ہے، کیونکہ امریکی حکومت نے اسٹوڈنٹ اور دیگر اقسام کے ویزوں کے لیے سخت اسکریننگ کا حکم دے دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے تمام امریکی سفارتخانوں کو ویزہ درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا مواد کی جانچ کا حکم دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق یہ فیصلہ امریکہ اور اسرائیل پر تنقید کرنے والوں کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے 31 اگست 2024 کے درمیان اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے والے تمام افراد کی سوشل میڈیا سرگرمیاں اسکین کی جائیں گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار نے فلسطین کے حق میں یا اسرائیل کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہوگی، تو اس کی ویزا درخواست مسترد ہو سکتی ہے۔