گورکھپور(ملت ٹائمز )
یوپی کے گورکھپور میں بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ کے روڈ شو سے پہلے مقامی انتظامیہ نے بی جے پی کے جھنڈوں اور پوسٹرکو اتروا دیا ۔یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور سے ممبر پارلیمنٹ ہیں اور یہ روڈ شو تقریبا پانچ کلو میٹر تک کا ہوگا۔لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب ریلی میں آگے رہنے کو لے کر بی جے پی کے دو کارکن آپس میں بھڑ گئے، اس کے بعد ہی ماحول گرم ہو گیا تھا، ساتھ ہی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ یہاں کی سرکاری عمارتوں اور پراپرٹی پر بی جے پی کے جھنڈے اور بڑے لیڈروں کے کٹ آؤٹ لگا دئے گئے تھے، جب پولیس انہیں ہٹانے گئی تو لڑائی شروع ہو گئی،پولیس کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے یہاں بینر اور پوسٹر لگانے کی اجازت نہیں ہے۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری انیل جین کی مداخلت کے بعد وہ پرسکون ہوئے،انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ روڈ شو کے کارکنوں کے سختی سے نہ پیش آئیں۔غور طلب ہے کہ اتر پردیش میں آج چھٹے مرحلے کی انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔آج بی جے پی لیڈر اوما بھارتی کشی نگر اور بلیا میں ریلی کریں گی، وہیں دوسری طرف کانگریس نائب صدر راہل گاندھی تین عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے، جن میں سے دو مہاراج گنج میں اور ایک وزیر اعظم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں منعقد ہوں گے ۔وہیں بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی چندولی اور بھدوہی میں ریلی کریں گی ۔ادھر وزیر اعظم مودی بھی مسلسل یوپی میں تشہیر کر رہے ہیں،وہ اپنی ریلیوں میں ایس پی – بی ایس پی اور کانگریس پر جم کر نشانہ سادھ رہے ہیں،خاص طور پر کانگریس – ایس پی اتحاد کو لے کر وہ مسلسل حملے کر رہے ہیں، وزیر اعظم مودی نے بدھ کو بھی مہاراج گنج کی ریلی میں کہا کہ اکھلیش کا کام نہیں ، کارنامے بولتے ہیں۔