مدھوبنی: نئے تعلیمی سال کے آغاز پر بہار کی ممتاز دینی درسگاہ جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ میں داخلہ کی کارروائی جاری ہے۔ اس درمیان دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم حضرت مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی کی ایک مؤقر وفد کے ساتھ جامعۃ القاسم تشریف آوری اراکین و ذمہ داران جامعہ القاسم کے لیے باعث مسرت ہے ۔
حضرت نے یہاں کی علمی سرگرمیوں اور دیگر مہمات کے تعلق سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک عرصہ سے جامعہ کو دیکھنے کی خواہش تھی آج اللہ تعالیٰ نے پوری کردی۔
آپ نے بانی جامعہ حضرت مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی رحمۃ اللہ علیہ کا ذکر کرتے ہوۓ ان کی تحفظ ختم نبوت کی خدمات کو یاد کیا ۔اور کہا کہ بہت پہلے میرا بھی ایک رسالہ قادیانیت منظر اور پس منظر شائع ہوا تھا ۔ دعا ہے کہ ان کا یہ مشن جاری رہے اور جامعۃ القاسم کی ضروریات رب کریم پوری فرمائے ،اس موقع پر مولانا محمد خالد ندوی غازی پوری شیخ الحدیث دارالعلوم ندوۃ العلماء ،مولانا علاءالدین ندوی عمید کلیۃ اللغۃ العربیہ ،مولانا سلیم اللہ ندوی استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء، حافظ محمد راشد استاذ مدرسہ رحمانیہ سراج العلوم غازی پور بھی شامل وفد تھے،۔
جامعتہ القاسم کے نائب مہتمم مفتی محمد انصار قاسمی نے جامعہ کے احوال سے واقف کرایا۔ یہاں موجود اساتذہ اور داخلہ کے لئے آئے طلبہ نے معزز علماء کاخیر مقدم اور استقبال کیا۔آخر میں حضرت مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی نے دعاء فرمائی۔ رب کریم علمائے کرام کی آمد کو باعث برکت بنائے آمین