نئی دہلی: جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) ایم. افشار عالم نے آج ڈاکٹر عظمیٰ بانو، صدر شعبہ اطفال، اسکول آف یونانی میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (SUMER) اور راجیو سنہا، مشیر وائس چانسلر کے ہمراہ دہلی حکومت کے معزز وزیر صحت و خاندانی فلاح و بہبود، ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد طب یونانی کے فروغ اور اس کی ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا تھا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے معزز وزیر کو جامعہ ہمدرد کے مختلف اسکولوں اور اداروں سے آگاہ کیا جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر صحت عامہ کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ پروفیسر ایم. افشار عالم نے طب یونانی کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے صحت سے متعلق چیلنجز کا مؤثر حل اس نظام طب میں موجود ہے۔ انہوں نے وزیر موصوف سے اس شعبے کے فروغ کے لیے رہنمائی اور تعاون کی درخواست کی۔
پروفیسر عالم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت دہلی کا تعاون جدت طرازی، تعلیمی معیار میں بہتری اور طلبا کو بااختیار بنانے میں اہم ثابت ہوگا، اور اس سے جامعہ ہمدرد کو روایتی طبی تعلیم میں عالمی رہنما بنانے کی سمت میں پیش رفت حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ جامعہ ہمدرد، حکومت دہلی کے ساتھ قریبی اشتراک سے کام کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے تاکہ مشترکہ اہداف و مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔ حکومت کی مستقل حمایت اور حوصلہ افزائی سے جامعہ ہمدرد تعلیم و تحقیق کے میدان میں نمایاں پیش رفت کرے گا۔
آخر میں پروفیسر ایم. افشار عالم نے ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ کو جامعہ ہمدرد کے کیمپس کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے اس عظیم ادارے کے قومی تعمیر اور صحت کے شعبے میں بالخصوص طب یونانی میں نمایاں کردار کا مشاہدہ کر سکیں۔