نئی دہلی: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل نے جموں و کشمیر کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آئے ہولناک دہشت گردانہ حملے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت، قومی سلامتی اور امن و استحکام پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔ کونسل نے کہا ہے کہ ملک اب مزید ایسے حملوں کا متحمل نہیں ہو سکتا اور یہ سلسلہ فی الفور بند ہونا چاہیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر منظور عالم ، جنرل سکریٹری، آل انڈیا ملی کونسل نے اپنے سخت مذمتی بیان میں کہا: “پہلگام دہشت گردانہ حملہ ناقابل برداشت ہے۔ ایسے حملوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ جو عناصر ملک کی فضا کو خوف اور عدم تحفظ سے آلودہ کرنا چاہتے ہیں، ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔ یہ وقت ہے کہ ہم صرف مذمت پر اکتفا نہ کریں، بلکہ عملی اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔”ڈاکٹر منظور عالم نے مزید کہا:”یہ حملہ کشمیر کی سیاحتی شناخت کو مجروح کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ کشمیر دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے سیر و سیاحت کا مرکز رہا ہے اور ایسے پرامن علاقوں میں زائرین پر حملہ کرنا نہایت شرمناک ہے۔ اس سے کشمیری عوام، ان کی معیشت اور امن پسند فضا کو سب سے زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔”
انہوں نے کہا:”پلوامہ حملے کے بعد یہ دوسرا بڑا دہشت گرد حملہ ہے جسے معمولی نہیں سمجھا جا سکتا۔ ہم حکومتِ ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی پر روک لگانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر بھی ٹھوس سفارتی اقدامات کیے جائیں۔”
آل انڈیا ملی کونسل نے اس حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوش مندی، صبر اور باہمی اتحاد و بھائی چارے سے کام لیں، اور کسی بھی اشتعال انگیزی یا افواہوں سے بچیں۔
آل انڈیا ملی کونسل حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے، تاکہ ملک کے شہریوں کو یہ یقین ہو کہ ان کی جان، مال اور عزت محفوظ ہے۔