نئی دہلی: (پریس ریلیز) آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و سابق رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل نے کشمیر کے پہلگام علاقہ میں ہوئے دردناک دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کی ہے جس میں دہشت گردوں نے تقریبا 28 معصوم سیاحوں کی جان لے لی جبکہ بہت سے لوگوں کو زخمی کر دیا۔ مولانا نے کہا کہ اس انسانیت سوز واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے کیوں کہ اس کو انجام دینے والے دہشت گرد انسانی جانوں کے دشمن ہیں جنہیں سخت سزا ملنی چاہئے۔ مولانا نے کہا کہ اس طرح کابزدلانہ حملہ جس میں نہتے معصوموں کو قتل کردیا گیا وہ انسانی اقدار کو سبوتاژ کرنے والا ہے،۔ اس کے پسِ پردہ لوگوں کی منشا ہمارے ملک کے امن و امان کو تباہ کرنے اور لوگوں کو خوف زدہ کرنا ہے اور یہ حملہ اسی سنگین سازش کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں حکومتِ ہند سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس بہیمانہ حملہ کو انجام دینے والے، اس کی سازش میں ملوث افراد یا تنظیم یا پھر ملک ہر ایک کے لئے ان کے گناہوں کی سزا کویقینی بنائے تاکہ کوئی دوبارہ ایسے حملہ ہماری سر زمین پر انجام دینے کی ہمت نہ کر سکے۔ مولانا نے کہا کہ ہم اور ہماری پارٹی اپنے شہریوں کی قیمتی جانوں کے زیاں پر پورے دیش کے ساتھ ماتم کناں اور سوگوار ہیں اور ملک دشمن طاقتوں کے خلاف حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں اور ہمدردیاں جان بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور دعا گو ہیں کہ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوجائیں۔
آخر میں مولانا اجمل نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایسے مشکل وقت میں جب کہ پورا دیش اس بزدلانہ حملہ کی مذمت میں کھڑا ہے کچھ میڈیا ہاؤس اور کچھ بیمار ذہن لوگ اس واقعہ کو بہانہ بناکر ہندو مسلمان کے نام پر اپنے ملک کے لوگوں میں نفرت پھیلا رہے ہیں جو انتہائی خطرناک ہے۔ سرکار کو ایسے لوگوں پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔