کوگٹو میڈیا فاؤنڈیشن کے صدر شمس تبریز قاسمی کا عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر اہم بیان

نئی دہلی: (پریس ریلیز) کوگٹو میڈیا فاؤنڈیشن کے صدر شمس تبریز قاسمی نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر ایک اہم اور بامعنی بیان جاری کرتے ہوئے کہا “آزادیِ صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ ایک آزاد میڈیا نہ صرف عوام کو باخبر رکھتا ہے بلکہ اقتدار کے ایوانوں کو بھی جواب دہ بناتا ہے۔ آج کے دور میں، جب جھوٹی خبریں، نفرت انگیز مواد اور پروپیگنڈا عام ہو چکا ہے، آزاد اور ذمہ دار صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا “ہم اُن باہمت صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جو سچائی کی تلاش میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ فلسطین سمیت دنیا بھر میں بہت سے صحافی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، ہم ان کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل سمیت دنیا بھر کے ممالک کو صحافیوں کے تحفظ کے لیے ذمّہ دار بنایا جائے۔”

شمس تبریز قاسمی نے کہا “کوگٹو میڈیا فاؤنڈیشن اظہارِ رائے کی آزادی اور صحافت کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، اور ہم اُن تمام صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو ظلم، جبر اور سنسرشپ کے خلاف اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔”

انہوں نے عالمی درجہ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا “ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس 2025 کے مطابق بھارت 180 ممالک میں 151 ویں نمبر پر ہے، جب کہ ہمارے کئی پڑوسی ممالک جیسے سری لنکا (139)، بنگلہ دیش (149) اور بھوٹان (152) اس فہرست میں ہم سے بہتر درجہ پر ہیں۔ یہ ایک جمہوری ملک کے لیے انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے۔ بھارت میں صحافت کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔”

انہوں نے حکومتِ ہند اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، میڈیا پر سیاسی و مالی دباؤ ختم کریں، اور ایسے قوانین کا خاتمہ کریں جو آزادیِ صحافت میں رکاوٹ بنتے ہیں

اُنہوں نے کہا “آزاد صحافت صرف صحافیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ ہر اُس شہری کی ضرورت ہے جو سچائی جاننے کا حق رکھتا ہے۔”

بیان کے آخر میں انہوں نے ادارے کے مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا “کوگٹو میڈیا فاؤنڈیشن کا مقصد ملک میں بےباک، آزاد اور حقیقی صحافت کی تعمیر کرنا ہے۔ ہم اپنے مقصد کی طرف سنجیدہ اور مضبوط اقدامات کر رہے ہیں، اور آنے والے دنوں میں منظم طور پر اپنے کام کو ملک بھر میں وسعت دیں گے۔”

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com