ریلوے اسٹیشن پر تصویر کشی اور ویڈیو گرافی پر محکمہ ریلوے نے لگا دی پابندی

ہندوستانی ریلوے نے اب ریلوے اسٹیشنوں، ٹرین اور ریلوے املاک کی ویڈیو گرافی اور تصویر کشی کے متعلق ایک نیا فیصلہ لیا ہے۔ مشرقی ریلوے نے یہ اہم اقدام قومی سلامتی کے پیش نظر اٹھایا ہے۔ انہوں نے تمام بلاگرز اور یوٹیوبرز کو ریلوے اسٹیشنوں کی تصویر کشی اور ویڈیو گرافی سے منع کیا ہے۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کو دیکھتے ہوئے براہ کرم نہ تو ریلوے اسٹیشنوں کی تصویریں کھینچیں اور نہ ہی ویڈیوز بنائیں۔ واضح ہو کہ ریلوے نے یہ فیصلہ ایک یوٹیوبر کی گرفتاری کے بعد لیا ہے۔ اس یوٹیوبر پر پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کو معلومات فراہم کرنے کا الزام ہے۔

مشرقی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر دپتی مے دتہ نے کہا کہ ”حفاظتی اقدامات پہلے سے ہی نافذ ہیں، جس کے تحت متعلقہ اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر اسٹیشنوں یا کسی بھی ریلوے املاک پر فوٹو گرافی یا ویڈیو گرافی کی اجازت نہیں ہے۔” ریلوے نے یہ بھی کہا ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں پر کمرشیل ویڈیو گرافی پر پابندی ہے، اگر کوئی ایسا کرنا چاہتا ہے تو اسے پہلے تمام متعلقہ حکام سے اجازت لینی ہوگی۔ ویڈیو گرافی اور فوٹو گرافی کے لیے مقررہ اصول اور ریلوے مینوئل ہیں جن پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اب تمام اسٹیشنوں پر مزید نگرانی بڑھائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی اہم اسٹیشنوں کی تصاویر نہ لے سکے۔ کچھ بلاگرز اور یوٹیوبرز ریلوے اسٹیشنوں کی ویڈیو بنانے لگتے ہیں، جو کہ تشویشناک امر ہے۔

ریلوے نے مزید کہا کہ میڈیا یا پھر نیوز چینلز کو کسی بھی تقریب کی کوریج کرنی ہے تو اس کے لیے خصوصی اجازت لے سکتے ہیں۔ یہ اصول صرف عام لوگوں کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔ ریلوے مینوئل کے مطابق، ہندوستانی شہریوں کو تصویر یا ویڈیو فوٹوگرافی کی اجازت متعلقہ ریلوے/یونٹ کے چیف پبلک ریلیشن آفیسرز کے ذریعہ دی جائے گی۔ غیر ملکی شہریوں کو اس کی اجازت ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز، ریلوے بورڈ کی جانب سے دی جائے گی۔ اگر ان تصاویر اور ویڈیوز کو کمرشیل یا بزنس کے لیے استعمال کرنا ہے تو متعلقہ ریلوے/یونٹ کی جانب سے ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرنے اور لائسنس کی مقررہ فیس لینے کے بعد ہی اجازت دی جائے گی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com