پٹنہ:مہاگٹھ بندھن کی اہم جماعتوں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس کے درمیان بہار اسمبلی انتخابات کے حوالے سے سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت تقریباً آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جہاں کانگریس 2020 کی طرح 70 سیٹوں کا مطالبہ کر رہی ہے، وہیں آر جے ڈی اسے 50-55 سے زیادہ سیٹیں دینے کے حق میں نہیں ہے۔ تاہم 58-60 نشستوں پرآپسی اتفاق کا امکان ہے۔ بہار قانون ساز اسمبلی میں کل 243 سیٹیں ہیں۔ 2020 کے انتخابات میں، آر جے ڈی نے مہاگٹھ بندھن میں 144 سیٹوں پر، کانگریس نے 70، جبکہ بائیں بازو کی جماعتوں سی پی آئی (ایم ایل)، سی پی آئی اور سی پی ایم نے بالترتیب 19، 6 اور 4 سیٹوں پر مقابلہ کیا۔آر جے ڈی 144 میں سے 75 سیٹیں جیت کر واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری۔ کانگریس کا اسٹرائیک ریٹ بہت کم تھا۔ وہ صرف 19 سیٹیں جیت سکی۔ سی پی آئی (ایم ایل) نے 19 میں سے 12 سیٹیں جیت کر بہترین اسٹرائیک ریٹ درج کیا۔
ایک رپورٹ میں انڈین ایکسپریس Indian express نے آر جے ڈی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پارٹی اس بار 135-140 سیٹوں پر الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ایک سینئر لیڈر نے کہا، ’’ہم نے کانگریس کو سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ اس بار مزید اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، اس لیے اسے کچھ قربانیاں دینی پڑیں گی۔اس بار مکیش ساہنی کی وی آئی پی (وکاسیل انسان پارٹی) اور پشوپتی کمار پارس کی ایل جے پی کو بھی عظیم اتحاد میں شامل کیا گیا ہے۔ ساہنی 60 سیٹوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن ذرائع کے مطابق انہیں 12 سے زیادہ سیٹیں نہیں دی جائیں گی۔ پارس کو 2-3 سیٹیں مل سکتی ہیں۔
بائیں بازو کی جماعتوں کا مطالبہ بھی بڑھ گیا۔
سی پی آئی (ایم ایل) اور دیگر بائیں بازو کی جماعتیں بھی اپنا حصہ بڑھانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ سیمانچل اور دیہی علاقوں میں ان کا کردار اہم سمجھا جاتا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ بائیں بازو کی جماعتیں 2020 میں بہتر کارکردگی کے ساتھ ابھریں اور 2024 کی لوک سبھا میں بھی دو سیٹیں جیتیں۔
اے آئی ایم آئی ایم پر سخت موقف
اے آئی ایم آئی ایم کو مہاگٹھ بندھن میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ یہ یقینی سمجھا جاتا ہے۔ آر جے ڈی لیڈروں نے واضح کیا کہ اسد الدین اویسی کی پارٹی کی مذہبی پولرائزیشن کی شبیہ ریاست کے دیگر حصوں میں اتحاد کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ آر جے ڈی لیڈر نے کہا، “سیمانچل میں اے آئی ایم آئی ایم مددگار ہو سکتی ہے، لیکن یہ باقی ریاست میں نقصان کا باعث بنے گی۔ یہی وجہ تھی کہ 2020 میں لالو پرساد یادو نے ایس ڈی پی آئی جیسی تنظیموں کو اتحاد سے باہر رکھا تھا۔”