انڈونیشیا کی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی تکمیل: انظر ہاشمی کی علمی کامیابی پر وطن عزیز میں خوشی کی لہر

وطن عزیز کے لیے فخر اور مسرت کی بات ہے کہ معروف اسلامی اسکالر انظر عقیل المعروف انظر ہاشمی نے انڈونیشیا کی ممتاز جامعہ اسلامک یونیورسٹی آف سالاتیگا (UIN Salatiga) سے “اسلامک اسٹڈیز” میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرلی ہے۔ ان کا تحقیقی موضوع تھا: *”دارالعلوم دیوبند، اتر پردیش، انڈیا اور پونڈوک پیسانترن (API) تیگلریجو، انڈونیشیا کے نصاب کا نفاذ: ایک تقابلی و تجزیاتی مطالعہ”۔

یہ تاریخی موقع 21 جولائی 2025 بروز پیر اس وقت پیش آیا جب یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذکی الدین بیضاوی نے پی ایچ ڈی دفاع کی تکمیل پر باقاعدہ طور پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی۔

واضح رہے کہ انظر ہاشمی ایک بین الاقوامی اسلامی اسکالر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ ان کے درجنوں تحقیقی مضامین قومی و بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں، اور وہ مختلف علمی مجلات کی ایڈیٹوریل بورڈ کے فعال رکن بھی ہیں۔ ان کا دعوتی و علمی سفر انڈونیشیا، ملیشیا، تھائی لینڈ، فلپائن اور دیگر ممالک تک پھیلا ہوا ہے، جہاں وہ مختلف بین الاقوامی کانفرنسوں اور سیمیناروں میں لیکچر دے چکے ہیں۔

ان کی ادبی خدمات بھی نمایاں ہیں۔ وہ بھارت سرکار کے تحت ‘پی ایم یُووا مصنف اسکیم’ کے منتخب مصنف بھی رہ چکے ہیں، جس کے تحت ان کی تحقیقی کتاب “بابا مجنوں شاہ ملنگ مداری: جدوجہد آزادی ہند کا ایک گم نام مجاہد” شائع ہوئی۔ علاوہ ازیں ان کی دوسری کتاب “Research Methodology of Islamic Studies” انڈونیشی زبان میں شائع ہوچکی ہے، جو اسلامی تحقیق کے جدید طریقہ کار پر ایک اہم حوالہ مانی جا رہی ہے۔

انظر ہاشمی نہ صرف علمی حلقوں میں ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں بلکہ ان کی علمی و تحقیقی خدمات نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com