میرکل کی السیسی سے ملاقات، مہاجرین کے بحران پر بات چیت

قاہرہ (ملت ٹائمز ایجنسیاں)
جرمن چانسلرنے اپنے دورہ مصر کے دوران قاہرہ میں صدر السیسی کے ساتھ اپنی ملاقات میں یورپ کی طرف مہاجرین کا بہاؤ روکنے کی خاطر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وہ دو شمالی افریقی ممالک کے اس دورے کے دوران تیونس بھی جائیں گی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جرمن حکومت کے حوالے سے بتایا ہے کہ چانسلر انگیلا میرکل نے دو مارچ بروز جمعرات قاہرہ میں مصری صدر عبداالفتاح السیسی سے ملاقات میں مہاجرین کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میڈیا نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر بات چیت کی کہ شمالی افریقی ممالک سے یورپ کی طرف ہجرت کرنے والے افراد کو کس طرح روکا جا سکتا ہے۔جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان اشٹیفان زائبرٹ کے مطابق برلن حکومت مصر کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ غیر قانونی مہاجرین کو خطرناک سمندری راستوں سے گزر کر یورپ پہنچنے سے روکا جا سکے۔ جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ اس مقصد کی خاطر وہ مصری ساحلی محافظوں کے ساتھ قریبی شراکت داری کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ بحیرہ روم میں فعال انسانوں کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی پر بھی غور کر سکتی ہے۔یہ امر اہم ہے کہ اسی سمندری راستے سے یورپ پہنچنے کی کوشش میں ہزاروں انسان سمندر میں ڈوب کر ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ یورپی یونین کی سطح پر ایسے واقعات کی روک تھام کی خاطر امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاہم تنازعات اور شورش زدہ خطوں سے فرار ہونے والے پناہ گزینوں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ تمام تر خطرات کے باوجود کسی طرح یورپ پہنچ جائیں۔ اس مقصد کے لیے وہ انسانوں کے اسمگلروں کی خدمات بھی حاصل کرتے ہیں۔ زیادہ تر مہاجرین لیبیا کی ساحلی حدود سے کمزور اور خستہ حال کشتیوں میں بیٹھ کر یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

SHARE