بریلی میں ’آئی لو محمد ﷺ‘ معاملہ: اے پی سی آر کے وفد کا متاثرہ علاقوں اور عدالت کا دورہ، پولیس کارروائی پر تشویش کا اظہار

بریلی: (پریس ریلیز) ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سنیچر کے روز بریلی میں پولیس کارروائی سے متاثرہ علاقوں اور ضلع عدالت کا دورہ کیا۔ وفد میں سینئر وکلاء، صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن شامل تھے۔

وفد نے متاثرہ شہریوں، مقامی وکلاء اور عینی شاہدین سے ملاقات کر کے پولیس کے طرزِ عمل اور گرفتاریوں کے طریقۂ کار پر تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ شرکاء نے کہا کہ پُرامن احتجاج کے بعد عام شہریوں کے گھروں میں گھس کر مارپیٹ اور گرفتاریاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اے پی سی آر کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ تنظیم متاثرین کو قانونی مدد فراہم کرے گی اور واقعہ کی غیر جانبدارانہ تفتیش کے لیے حکام سے مطالبہ کرے گی۔ مزید یہ کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اس کیس کو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی کے جایا جائے گا۔

وفد نے کہا کہ مذہبی جذبات کے اظہار کو جرم بنانا جمہوری اقدار کے منافی ہے، اور ریاست کو شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔

وفد میں اے۔ پی۔ سی۔ آر کے قومی سکریٹری ندیم خان، معروف صحافی اور سماجی کارکن پرشانت ٹنڈن، الہ آباد ہائی کورٹ کے سینئر وکیل محفوظ الرحمن فیضی۔ ایڈوکیٹ محمد حذیفہ، ایڈوکیٹ ضیاء جیلانی، ایڈوکیٹ مشفق رضا سمیت متعدد وکلاء موجود رہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com