چار مقدمات میں ضمانت کے باوجود مولانا توقیر رضا کی مشکلات میں اضافہ

زمین ہڑپنے کے الزام میں مولانا توقیر رضا، محسن رضا سمیت 10 افراد کے خلاف نیا مقدمہ درج

بریلی: چار مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے باوجود مولانا توقیر رضا کی قانونی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی جا رہی ہیں۔ مولانا توقیر رضا اور ان کے بہنوئی محسن رضا سمیت مجموعی طور پر 10 افراد کے خلاف ہفتہ کے روز ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

رہپورہ چودھری کے رہائشی لائیوا کی شکایت کے مطابق ان کے دادا مقدّر بیگ ضعیف اور بیمار ہیں، جن کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زمین ہڑپنے کی سازش رچی گئی۔ الزام ہے کہ مولانا توقیر رضا کے کہنے پر متاثرہ خاندان پر دباؤ ڈالا گیا، اسلحہ دکھایا گیا اور سنگین دھمکیاں دی گئیں۔

الزام کے مطابق محسن رضا، اکرام بیگ اور وِکی نے زبردستی گھر میں داخل ہو کر اہلِ خانہ کو خوف زدہ کیا۔ متاثرہ خاندان کے رکن شاکر بیگ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات برسوں سے وہ ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا کر رہے تھے۔ مسلسل اذیت سے تنگ آ کر انہوں نے 11 دسمبر کو زہر کھا لیا۔

پولیس نے 13 دسمبر کو تھانہ عزت نگر میں بی این ایس کی دفعات 318(4)، 333، 352، 351(3)، 75 اور 61(2) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ جمعہ کو ہی بریلی تشدد معاملے میں مولانا توقیر رضا کو چار مقدمات میں ضمانت ملی تھی، تاہم نئے کیس کے اندراج کے بعد ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com