آسٹریلیا: انسانیت کی روشن مثال، احمد الاحمد کی بے مثال جرأت نے بچائی کئی شہریوں کی جان

سڈنی: (ملت ٹائمز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آئے ایک ہولناک مسلح حملے کے دوران انسانیت اور بہادری کی ایسی مثال سامنے آئی ہے جسے پوری دنیا سلام کر رہی ہے۔ بونڈی بیچ پر عام یہودی شہریوں کو نشانہ بنا کر کی گئی اندھا دھند فائرنگ کے دوران احمد الٰاحمد نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کئی بے گناہ جانیں بچا لیں۔

تفصیلات کے مطابق 14 دسمبر کو بونڈی بیچ پر دو مسلح افراد نے یہودی شہریوں پر اچانک گولیاں برسا دیں۔ اس دردناک حملے میں 10 سے 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے دوران خوف و ہراس کا عالم تھا، لوگ جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگ رہے تھے۔

اسی افراتفری کے عالم میں احمد الٰاحمد، جو پیشے کے اعتبار سے پھل فروش ہیں اور جنہوں نے کبھی اس سے قبل بندوق نہیں اٹھائی تھی، نہتے ہی حملہ آوروں کے سامنے آ گئے۔ انہوں نے غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کے ہاتھ سے بندوق چھین لی، جس کے نتیجے میں مزید قیمتی جانیں محفوظ ہو گئیں۔

43 سالہ احمد الٰاحمد کی اس جرأت مندانہ کارروائی کے دوران انہیں دو گولیاں لگیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اس وقت زیرِ علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے۔

واقعے کے بعد عالمی سطح پر احمد الٰاحمد کی بہادری کو سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر انہیں ’انسانیت کا ہیرو‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ نفرت اور تشدد کے سائے میں بھی انسانیت آج بھی زندہ ہے، اور ایک عام انسان مشکل وقت میں غیر معمولی کردار ادا کر سکتا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com