چنئی: (پیامِ سدرہ) چنئی شہر کی معروف سماجی و ادبی تنظیم سدرہ فاؤنڈیشن کی جانب سے سینئر آئی پی ایس افسر نجم الہدیٰ صاحب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آف پولیس کے باوقار عہدے پر فائز ہونے کے موقع پر ایک پُروقار تہنیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ یہ نشست سدرہ فاؤنڈیشن کے سیکریٹری جمیل احمد صدیقی کے دولت کدے پر منعقد ہوئی۔
تقریب میں سدرہ فاؤنڈیشن کے معزز اراکین کے علاوہ شہر کے مختلف سماجی و علمی حلقوں سے تعلق رکھنے والے احباب نے شرکت کی۔ شرکاء میں جمیل احمد صدیقی، احمد علی صدیقی، ابواللیث، اکبر علی صدیقی، فضیل احمد ندوی، ساجد حسین ندوی سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔
اس موقع پر تمام شرکاء نے نجم الہدیٰ صاحب کو اس اہم ذمہ داری پر فائز ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مقررین نے ان کی دیانت داری، عوامی خدمات اور شاندار انتظامی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے نئے منصب پر بھی اسی جذبۂ خدمت اور پیشہ ورانہ وقار کے ساتھ اپنے فرائض منصبی انجام دیں گے۔
تقریب کے اختتام پر ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس کے دوران ملک کے موجودہ حالات، سماجی مسائل اور انتظامی امور پر سنجیدہ اور مفید گفتگو بھی ہوئی۔ اس موقع پر نجم الہدیٰ صاحب نے سدرہ فاؤنڈیشن اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہنیتی نشست ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔






