مولانا مفتی میاں ثمر دہلوی اور سید شہاب الدین کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے اظہار رنج و غم

نئی دہلی۔۴؍ مارچ۲۰۱۷ء
جمعیۃ علماء ہند کے جنر ل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے مولانا مفتی ثمر میاں دہلوی اور مسلم مجلس مشاورت کے سابق صدر و معروف مسلم رہنما سید شہاب الدین کے سانحہ ارتحال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا مفتی ثمر میاں دہلوی مرحوم اپنے مسلک و منہج میں پختہ اور تصوف میں نقشبند ی مجددی مشرب کے پابند تھے۔وہ خانقاہ مسعودیہ مظہریہ کے ذریعے بیعت و ارشاد سے وابستہ رہے اور بہت سے افراد ان سے فیض یاب ہوئے ۔
دوسری طرف سید شہا ب الدین کے سانحہ ارتحال کی خبر ملنے پر مولانا سید محمود مدنی کی قیادت میں جمعیۃ علماء ہند کے ایک وفد نے پنج پیراں قبرستان نظام الدین نئی دہلی پہنچ کر ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی ۔اس وفد میں مولانا مدنی کے علاوہ مولانا نیاز احمد فاروقی ، مولانا طاہر مظاہری ، مولانا یوسف قاسمی ، مولانا عرفان قاسمی ، مولانا جمال قاسمی، انورحسین ، عظیم اللہ صدیقی قاسمی شریک تھے ۔
تدفین کے بعد اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا مدنی نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے مسلم قیادت میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے ، انھوں نے مختلف معاملے میں سینہ سپر ہو کر حالات کا مقابلہ کیا ، وہ ایک صاحب رائے انسان تھے ، حضرت فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ ان سے کئی معاملات میں مشورہ کرتے اور جمعےۃ کے پروگراموں میں شرکت کے لیے خاص طور سے دعوت دیتے ، نیز ان کے پروگراموں میں بھی پابندی سے شریک ہوتے تھے ۔
مرحوم اپنے زمانے میں انڈین فارن سروس کے ٹاپر تھے، وہ شروع میں ڈپلومیٹ رہے اور پھر سیاست سے رشتہ جوڑلیا ۔ 1979 سے 1996 تک وہ پارلیمنٹ کے رکن رہے۔مولانا مدنی نے دونوں مرحومین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے جماعتی احباب اور متعلقین سے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کے اہتمام کی اپیل کی ہے ۔