12 فروری کو ’عالمی یوم یونانی میڈیسن‘ 2016کا انعقاد ہوگا

نئی دہلی، 9 فروری
ملت ٹائمز ؍پریس ریلیز
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس دہلی اسٹیٹ کی ایک اہم نشست صوبائی دفتر واقع سوئی والان، نئی دہلی ڈاکٹر سنجے ڈھینگرا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں مجاہد آزادی، مسیح الملک حکیم اجمل خاں کے یوم پیدائش کی مناسبت سے 12 فروری کو ’عالمی یوم یونانی میڈیسن‘ جامعہ اسلامیہ سنابل (اوکھلا، نئی دہلی) میں انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کی صدارت سابق استاد قرول باغ طبیہ کالج ڈاکٹر ایف آر شرر مصباحی کریں گے جبکہ مہمان خصوصی جناب محمد خالد خاں (جوائنٹ سکریٹری راجیہ سبھا سکریٹریٹ، پارلیمنٹ آف انڈیا) ہوں گے۔ اس موقع پر مجلہ ’عالمی یوم یونانی میڈیسن‘ کا اجرا بھی عمل میں آئے گا۔ ڈاکٹر سنجے ڈھینگرا نے بتایا کہ مرکزی کمیٹی آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے زیراہتمام مجوزہ عالمی یوم یونانی میڈیسن کا پروگرام کولکاتہ میں 12 فروری کو منعقد ہوگا۔ ڈاکٹر سنجے ڈھینگرا نے کہا کہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی سربراہی جب سے پروفیسر مشتاق احمد (صدر تنظیم ہذا) اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے سنبھالی ہے، پورے ملک میں طب یونانی سے وابستہ حضرات انتہائی حوصلہ کے ساتھ ہم سے تعاون کر رہے ہیں اور آج 25 صوبوں میں باضابطہ طبّی کانگریس کی اکائیاں قائم ہوچکی ہیں۔

SHARE