اسلام آباد(ایجنسیاں،ملت ٹائمز)
سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کیس کا اسلام آباد ہائیکورٹ نے مختصر فیصلہ جاری کردیا ہے اور 5بلاگرز کو ٹھوس شواہد کی موجودگی میں ملک واپس لانے کا حکم جاری کیا ہے۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آبا د ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی درخواست 6 ہدایات کے ساتھ نمٹاتے ہوئے مختصر فیصلہ جاری کردیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں ہدایت جاری کی کہ ایف آئی اے قانون کے مطابق تحقیقات جاری رکھے،5 بلاگرز کو ٹھوس شواہد کی موجودگی میں ملک واپس لایا جائے،ایف آئی اے گستاخانہ مواد کی نئی درخواست پر کارروائی کرے۔عدالت نے ہدایت جاری کی کہ گستاخانہ مواد پر مشتمل پیجز کے خلاف میکنزم بنایا جائے،پی ٹی اے سوشل میڈیاپر گستاخانہ مواد روکنے کا طریقہ کار طے کرے،انسداد الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 ء میں ایک ماہ میں ترامیم کی جائیں جس میں گستاخانہ اور فحش مواد کو جرم قرار دیا جائے جبکہ گستاخانہ موادختم کرنے کیلئے پینل یا کمیٹی تشکیل دی جائے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ہدایت جاری کی کہ ملوث این جی اوز کیخلاف کارروائی کی جائے اورگستاخانہ اور فحش مواد سے متعلق پی ٹی اے کو قانونی سزاؤں کی آگاہی عوام کو دے۔انہوں نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری داخلہ کارروائی کیلئے کمیٹی تشکیل دے سکتے ہیں۔