تہران(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
ایران میں صدارتی انتخابات کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے، جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔پولنگ سٹیشنز پر ووٹر ز کے رش کے باعث پولنگ کے وقت میں دو گھنٹے کی توسیع کی گئی تھی۔ صدارتی امیدوارروں حسن روحانی اورابراہیم رئیسی میں سخت مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے
تفصیلات کے مطابق ایران کے صدارتی انتخابات کے لئے پولنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح8 بجے ہوا جبکہ یہ عمل ایرانی وقت کے مطابق شام8بجے تک جاری رہا ،پریس ٹی وی کے مطابق شام 5بجے تک 20ملین افراد نے ووٹ کاسٹ کئے۔وزارت داخلہ کے مطابق 2013کی نسبت ان انتخابات میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ تاہم ابھی تک سیکورٹی کا کوئی مسئلہ بھی درپیش نہیں آیا۔ صدارتی انتخابات میں پولنگ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ہو ئی اور اس کے لئے ملک بھر میں 9ہزار7سو چالیس پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے۔ملک کے کسی بھی حصے سے بیلٹ پیپرز کی کمی کوئی بھی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
پریس ٹی وی کے مطابق ووٹنگ کے آغاز میں سب سے پہلا ووٹ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے کاسٹ کیا جبکہ پولنگ کے عملے اور سرکاری عہدیداروں نے بھی پولنگ کے آغاز ہی میں اپنی رائے کا استعمال کیا۔ اس سال صدارتی انتخابات میں56.6ملین ایرانی ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جبکہ پولنگ کے پہلے گھنٹے میں1.3ملین ایرانیوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کرلئے تھے۔
ایران نے اپنے بیرون ملک مقیم شہریوں کے لئے بھی ووٹنگ کے انتظامات کئے۔یورپ، آسٹریلیا، اٹلی، قازقستان، ارمانیہ، آذر بائیجان، کرغیزستان، تاجکستان ، جنوبی کوریا، فلپائن، ملائیشیا، انڈونیشیا اور نیوزی لینڈ سمیت 102ممالک میں موجود ایرانی شہری صدارتی انتخابات میں حصہ لیا۔ میلبرون، پیرس ، فرینکفرٹ، ویانامیں بھی ایرانی شہریوں نے اپنی رائے کا استعمال کیا۔ بیلہ روس ، الجیریا، قبرص، بنکاک میں پولنگ سٹیشنز قائم ہیں جبکہ عراق کے چار صوبوں میں بھی ایرانی شہریوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ پاکستان میں موجود ایرانی شہریوں کو بھی اپنی رائے کا استعمال کرنے کے لئے خصوصی پولنگ اسٹیشن قائم کیاگیا تھا جبکہ ہندوستان کی راجدھانی نئی دہلی میں بھی ایرانی باشندوں نے صدارتی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے اپنا ووٹ ڈلا۔
ایرانی انتخابات میں اقلیتوں نے بھی اپنی رائے کا استعمال کیا۔ ایران میں مقیم صہیونی، یہودی، عیسائی اوردیگر قومیتوں نے بھی ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایرانی میں مقیم اقلیتوں کی ایک بڑی تعداد نے صدارتی انتخابات میں حصہ لیا۔ابتدائی طور پر ووٹنگ کے نتائج 10 گھنٹوں بعد آنا شروع ہوں گے، مگر حتمی اور سرکاری نتائج کا اعلان 24 گھنٹے بعد کیا جائے گا۔