جیکسن (ملت ٹائمزایجنسیاں)
امریکی ریاست مسی سپی میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ، ہلاک ہونے والوں میں ڈپٹی شیرف بھی شامل ہے جبکہ پولیس نے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریاست مسی سپی کے دارالحکومت جیکسن سے 109 کلومیٹر دور بروک ہیون اور بوگ چیٹو کے تین گھروں میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 8 افراد مارے گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کا کام شروع کردیا ہے جبکہ مبینہ قاتل کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آور کون تھااور اس نے کس وجہ سے ان آٹھ لوگوں کو قتل کیا ہے۔ گرفتار شخص کو شک کی بنا پر پکڑا گیا ہے تاہم اس کی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کی جائے گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد میں پولیس شیرف کا ڈپٹی بھی شامل ہے۔