دوحہ (ملت ٹائمز)
سعودی عرب ،متحدہ عرب امارت ،بحرین ،مصر ،مالدیپ اور یمن کے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے ،سرحدیں بندکرنے اورہر طرح کے رشتوں کے سدباب کرنے کے جواب میں قطر نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ان پابندیوں اور سفارتی تعلقات کے خاتمہ سے ہم پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔
الجزیرہ کی رپوٹ کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ یہ فیصلہ ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہے ،قطر کے شہریوں اور یہاں مقیم ہزاروں لوگوں کے خلاف عائد کی جانے والی پابندی ان پر اثر انداز نہیں ہوگی ،وزارت خارجہ نے مزید کہاکہ یہ پابندی ناانصافی اور بے بنیاد الزامات پر مبنی ہے ،اس طرح کی پابندیوں سے ہمارے روزہ مرہ کے معمولات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ، ان پابندیوں کا واضح مقصد ڈھونس جماکر ریاست کو اپنے تابع کرناہے لیکن ایسے مقاصد میں کبھی کامیابی نہیں مل پائے گی ۔
واضح رہے کہ پیر کی صبح سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ،مصر اور بحرین نے قطر پر انتہاءپسندی کو فرو غ دینے ،دہشت گردوں کا ساتھ دینے اور اخوان المسلمین اور حماس جیسی تنظیموں کا تعاون کرنے کے الزام میں سفارتی تعلقات ختم کردیاہے،بعدمیں سعودی عرب نے اپنے دیگر اتحادیوں سے بھی تعلقات ختم کرنے کی اپیل کی ہے ۔