بیروت(ملت ٹائمزایجنسیاں)
شام میں جاری جنگ کی صورت حال پرنظر رکھنے والے ادارے رصد گاہ برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ نامعلوم جنگی طیاروں نے مشرقی شام میں داعش کے زیر انتظام علاقے میں بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 30 عام شہری جاں بحق اور دسیوں زخمی ہو گئے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق آبزر ویٹری فار ہیومن رائیٹس نے کہاکہ مشرقی شام میں عام شہریوں کے قتل عام کا سبب بننے والے جنگی طیاروں کی شناخت نہیں کی جاسکی۔خیال رہے کہ مشرقی شام میں وادی فرات اور اس کے اطراف میں داعش کے خلاف کارروائی میں امریکا کی قیادت میں سرگرم عالمی اتحاد اور روس اور شامی فوج بھی سرگرم ہیں۔امریکا کی قیادت میں قائم اتحادی فوج کا کہنا تھا کہ المیادین میں وہ مخصوص اہداف پر نہایت احتیاط کے ساتھ حملے کررہے ہیں۔ المیادین میں دبلان کے مقام پر گذشتہ روز ہونے والے حملے کے بارے میں اتحادی فوج کی طرف سے کوئی ردعمل ظاہرنہیں کیا گیا۔اتحادی فوج کی حمایت یافتہ کرد اور عرب جنگجوو¿ں پر مشتمل فورسز نے دبلان سے 200 کلو میٹر شمال مغرب میں واقع الرقہ شہر کا محاصرہ کررکھا ہے۔دوسری طرف شمال مشرقی دبلان سے 65 کلو میٹر دور شامی فوج اور اس کے اتحادی صحرائ کی طرف پیش قدمی کررہے ہیں جس کا مقصد دیر الزور شہر کا محاصرہ ختم کرانا ہے۔ امریکا کے ایک انٹیلی جنس عہدیدار نے بتایا کہ داعش نے اپنی لیڈر شپ المیادین منتقل کردی ہے۔