قطر نے سعودی عرب کے مطالبات کی فہرست مستردکردی ،مذاکرات کیلئے رضامندی

روم ،دوحہ(ملت ٹائمز)
قطر نے سعودی عرب اور دیگر اتحاد ی ممالک کی جانب سے سونپی گئی مطالبات کی فہرست کو ماننے سے آج انکار کردیااور کہاکہ یہ مطالبات کسی بھی صورت میں قابل اعتناءنہیں ہیں اور کسی بھی ملک کے اندرونی معاملے میں بیجا مداخلت پر مبنی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اٹلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ شیخ عبد الرحمن الثانی نے کہاکہ گذشتہ دنوں سعودی عرب اور دیگر اتحاد ی ممالک نے قطر کو تیرہ نکات پر مشتمل مطالبات کی فہرست سونپی تھی اور کہاگیا تھا کہ قطراگر ان مطالبات کو تسلیم کرلیتاہے تو اس پرعائد پابندیاں ہٹالی جائیں گی ،سعودی اتحاد نے قطر کو ان مطالبات پر جواب دینے کیلئے دس دنوں کا وقت بھی دیاتھا لیکن آج آٹھویں دن ہی یعنی دو دن قبل قطر کے وزیر خارجہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کردیاکہ قطر سعودی عر ب کے مطالبات کو مسترد کرتاہے تاہم مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔
واضح رہے کہ سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات،بحرین اور مصر وغیرہ نے 5 جون کو قطر کا بالکلیہ سفارتی بائیکاٹ کردیا تھا جس کے بعد عالمی سطح پر شدید دباﺅ اور مذمت ہونے کے بعد سعودی اتحاد نے قطر کو تیرہ نکات پر مشتمل مطالبات کی فہرست سونپتے ہوئے کہاکہ اگر قطر ان مطالبات کو مان لیتاہے تو اس پرسے پابندیاں ہٹائی دی جائیں گی ،واضح رہے کہ مطالبات میں عالمی چینل الجزیرہ کو بند کرنا ،ترکی سے فوجی معاہدہ کا خاتمہ اور اخوان وحماس کی مدد بند کرنے کے ساتھ انہیں دہشت گردجماعت تسلیم کرنے کی دفعات سر فہرست تھیں۔