لندن(ملت ٹائمزایجنسیاں)
ڈونالڈٹرمپ کے امریکہ کا صدر منتخب ہونے کے بعد امریکہ سمیت دنیا بھر میں ان کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ دنیا بھر میں ان کے خلاف سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا اور انہیں دنیا کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔ اب برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6کے ایک سابق سربراہ نے بھی اس پر مہرتصدیق ثبت کر دی ہے۔
دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق سر جان سیورز نے کہا ہے کہ ”امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ اس وقت دنیا کی سلامتی کو درپیش سب سے بڑا خطرہ ہیں۔“اسرائیل میں ہونے والی سالانہ ہرزلیا (Herzliya)سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سر جان کا کہنا تھا کہ ”میں ڈونلڈٹرمپ کے امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر سخت تحفظات کا شکار ہوں۔وہ جس طرح ممالک اور لوگوں کو تقسیم کرنے کی پالیسیاں اپنا رہے ہیں یہ مستقبل میں دنیا کی سلامتی پر انتہائی منفی اثرات مرتب کریں گی اور کسی بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ دنیا اس وقت انتہائی کڑے دور سے گزر رہی ہے۔ ایسے میں امریکہ کو یورپی و مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ اپنا اتحاد بنائے رکھنے کی ضرورت ہے لیکن ڈونلڈٹرمپ کی پالیسیاں اس کے خلاف ہیں۔ قطر اور سعودی کے تنازے میں بھی امریکہ کوئی واضح پوزیشن نہیں اپنا سکا۔ ایسا رویہ عالمی سکیورٹی کے لیے خطرناک ثابت ہو گا۔“