مقبوضہ فلسطین(ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
دو سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی فورسز نے یروشلم میں اعلیٰ ترین مسلم مبلغ کو حراست میں لے لیا ہے،یروشلم کے مفتیٰ اعظم محمد احمد حسین کو جمعے کے روز مسجد الاقصیٰ کے قریب سے اس وقت حراست میں لے لیا، جب دو اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد مفتیٰ اعظم مسجد الاقصیٰ کے قریب ایک احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔
مسجد الاقصیٰ کا علاقہ مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان کشیدگی کے اعتبار سے انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے، جب کہ مفتی اعظم محمد احمد حسین مسجد الاقصیٰ کی بندش کے خلاف بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع کر کے مظاہرہ کر رہے تھے۔دو سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل نے مسجد الاقصیٰ کی ناکہ بندی کر دی تھی اور اسی تناظر میں مسلمان جمعے کے روز مسجد الاقصیٰ میں نماز نہیں پڑھ سکے۔ محمد احمد حسین کی گرفتاری پر اسرائیلی پولیس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
حسین کے صاحب زادے جہاد حسین نے جمعے کے روز خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی پولیس ان کے والد کو گرفتار کر کے یروشلم کے قدیمی حصے کے ایک تھانے لے گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ”اب تک ہمیں اپنے والد سے متعلق کوئی خبر نہیں ملی ہے۔“
مفتی اعظم کے ایک محافظ خالد حامو نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس احتجاجی اجتماع کے اندر سے مفتی اعظم کو گرفتار کر کے لے گئی۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب تین عرب اسرائیلی شہریوں نے اسرائیلی پولیس اہکاروں پر فائرنگ کر دی اور حملے کے بعد مسجد الاقصیٰ میں جا چھپے۔ ان دونوں حملہ آوروں کو بعد میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، تاہم حالیہ کچھ برسوں میں مسجد الاقصیٰ میں اس طرز کی خون ریزی کا یہ پہلا سنگین واقعہ تھا۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے مسجد الاقصیٰ کی مکمل ناکہ بندی کرتے ہوئے نماز جمع کے لیے مسجد کا رخ کرنے والے مسلمانوں کو روک دیا تھا۔ اس طرز کے سخت اسرائیلی اقدام کی نظیر بھی حالیہ برسوں میں نہیں ملتی۔حسین نے گرفتاری سے قبل مسجد کے قریب صحافیوں سے بات چیت میں کہا تھا، ”مجھے اس واقعے سے متعلق انتہائی کم معلومات ہیں، مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ مسجد میں نماز پر پابندی عائد کر دی جائے۔“