دیوبند(ملت ٹائمز۔سمیر چودھری)
محلہ مٹکوٹہ کی باشندہ خاتون حسینہ اہلیہ شمیم نے ایس ایس پی سہارنپور کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جان ومال کی حفاظت کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس پی سہارنپور کو ارسال کردہ مکتوب میں حسینہ نے کہا ہے کہ اسکے بیٹے عبد المتین نے دیوبند کے ریلوے روڑ پر واقع سنت کالونی کی رہنے والی مسکان عرف خوشبو دختر راجیش کے ساتھ نکاح کرلیا تھا۔ مسکان کو سی جے ایم عدالت کی ہدایت پر اس کی والدہ سنیتا کی سپردگی میں دیدیا گیا تھا، لیکن سنیتا نے مسکان کو اپنے بھائی جگل کشور کے گھر رہنے کے لئے چھوڑ دیا تھا، حسینہ کے مطابق جگل کشور اس کے بیٹے کی اہلیہ مسکان عرف خوشبو کو رقم لیکر فروخت کرنے کی فراق میں تھا جس کے متعلق اس نے ایک شکایتی مکتوب بھی ایس ڈی ایم دیوبند کو دیا تھا، باوجود اس کے جگل کشور نے مسکان کو اپنے گھر میں قیدی بناکر رکھا ہوا ہے۔ اتناہی نہیں جگل کشور خوشبو کا جسمانی اور ذہنی استحصال بھی کر رہا ہے۔ حسینہ نے جگل کشور سے مسکان اور اپنے اہل خانہ کو جان کا خطرہ بتاتے ہوئے قانونی کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حسینہ نے بتایا کہ اس نے مکتوب کی ایک ایک کاپی خواتین کمیشن دہلی، ڈی جی پی لکھنؤ، ڈی آئی جی میرٹھ، ڈی ایم سہارنپور، آئی جی سہارنپور اور قومی انسانی حقوق کمیشن کو بھی بھیج دی ہے۔ تحریر دینے والوں میں حسینہ اہلیہ شمیم، عشرت، رخسانہ، افسانہ، روبی، حسین بانو، مانا پروین اور اسماء وغیرہ شامل رہی۔
ادھر مسکان عرف خوشبو کوتوالی دیوبند میں تحریر دیتے ہوئے بتایاکہ وہ اپنی مرضی سے متین کے ساتھ گھرگئی تھی،اس نے الزام لگاتے ہوئے بتایاکہ میرے ماما جگل کشور اور امت میرے ساتھ بہت برا سلوک کرتے ہیں ،اتنا ہی نہیں مجھے گھر میں اکیلا دیکھ کر وہ میری عصمت دری بھی کرتے ہیں، انہوں نے میری عریاں ویڈیوں بھی بنارکھی ہے، رات کے وقت یہ لوگ مجھے نیند کی گولیاں چائے میں ملاکر دیتے ہیں، امت اور جگل کشور جان سے مارنے کی دھمکی دیتے اور کہتے ہیں کہ تمہاری ویڈیو نیٹ پر ڈال دی جائے گی، ان کے ساتھ میری خالہ کا لڑکا آکاش بھی شامل ہے۔ میں یہاں اپنے ماما کے گھر بہت پریشان ہوں میں،مذکورہ لوگوں سے مجھے جان کاخطرہ ہے،یہ لوگ میرے حقیقی رشتہ دار نہیں ہے بلکہ میں انہیں اسٹیشن پر پڑی ہوئی ملی تھی،مجھے میری دادی پشپا رانی نے پالا تھا،ان کی موت کے بعد انہوں نے میرے ساتھ بدسلوکی کرنی شروع کردی،ان لوگوں کی ناجائز حرکتوں سے پریشان ہوکر ہی میں متین کے ساتھ گھر سے فرار ہوئی تھی، اب یہ لوگ مجھے فروخت کرنے کا پروگرام بنارہے،میں میڈیکل ٹیسٹ میں بالغ آئی ہوں ،جگل کشور وغیرہ نے میری عصمت دری کی جھوٹی رپورٹ متین، رئیس،شکیل اور عامرکے خلاف دے رکھی ہے جو کہ سراسر غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے، حقیقت یہ ہے کہ میں حاملہ ہوں اور متین کے بچے کی ماں بننے والی ہوں۔ خوشبوانصاف کی فریاد کرتے ہوئے اس کو متین کے ساتھ بھیجنے اور ماما جگل کشور و امت و دیگر کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔