امیر قطر نے ایئر پورٹ پر اردگان کا کیا پرتپاک استقبال،دونوں ممالک نے تنازع ختم کرانے میں کویت کے کردار کو سراہا

دوحہ نئی دہلی(ملت ٹائمز)
ترکی کے صدررجب طیب اردگان آج قطر پہونچے جہاں دوحہ ایئر پورٹ پر امیر قطر تمیم بن حمد الثانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوںممالک نے قطر اور سعودی اتحاد کے درمیان جاری تنازع کو ختم کرانے کے سلسلے میں کویت کے کردار کی تعریف کی ،ا س کے علاوہ دونوں ممالک نے دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خاتمہ میں ایک دوسرے کے کردار کو سراہا اور اس کوشش کو جاری رکھنے کا عزم دہرایا ۔
الجزیرہ کے مطابق طیب اردگان کے ہمراہ ترکی کے وزیر خارجہ میلوٹ چاسوغلو نے اپنے بیان میں کہاکہ ترکی کی کوشش قطر اور سعودی اتحادی ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات کرانے کی ہے اور امید ہے اس مشن میں ہمیں کامیابی ملے گی ۔
واضح رہے کہ خلیجی ممالک کا آپسی تنازع حل کرانے کے سلسلے میں عالم اسلام کے مقبول رہنما ترکی کے صدر رجب طیب اردگان ان دنوں مشرق وسطی کے دوروزہ سفر پر ہیں ،اتوار کو سب سے پہلے وہ سعودی عرب پہونچے جہاں سعودی فرماں شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہدمحمد بن سلمان سے علاحدہ علاحدہ ملاقات کی ،اس کے بعد کویت پہونچے جہاں انہوں نے تنازع حل کرانے کے سلسلے میں کویت کے کردار کو سراہتے ہوئے اس کوشش کو جاری رکھنے کی اپیل کی ،اس کے بعد آج سوموار کو طیب اردگان قطر پہونچے ۔

ہم آپ کو بتادیں کہ 5 جون 2017 کو سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ،بحرین اور مصر نے قطر کا بالکلیہ سفارتی بائیکاٹ کردیاتھا جس کے بعد پوری مسلم دنیا میں شدید بے چین محسوس کی جارہی ہے اور کویت اور ترکی مسلسل اس تنازع کو حل کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ،ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے حالیہ دورہ کا مقصد بھی یہی ہے کہ خلیجی ممالک کا آپسی تنازع ختم ہوجائے ۔