الرقہ(ملت ٹائمزایجنسیاں)
انسانی حقوق کی تنظیم المرصد کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن کے مطابق شام کے شہر الرقہ کے کئی علاقوں پر امریکا کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کی بم باری کے نتیجے میں 42 شہری جاں بحق ہو گئے۔ اس بمباری میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والے افرد میں 19 بچے اور 12 خواتین بھی شامل ہیں۔
خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گذشتہ روز شام کے شہر الرقہ میں امریکی اتحادی افواج کی بمبار ی سے عورتوں اور بچوں سمیت42افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ دو روز قبل شہر کے وسط میں ایک رہائشی علاقے پر بین الاقوامی اتحاد کی فضائی بم باری میں 27 شہری موت کی نیند سلا دیے گئے تھے۔اس طرح ایک ہفتے کے دوران الرقہ پر بین الاقوامی اتحاد کی بم باری کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 170 ہو گئی ہے جن میں 60 بچے بھی شامل ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیم المرصد کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے واضح کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مستقل اضافے کی وجہ فضائی حملوں میں گنجان آباد علاقوں بالخصوص شہر کے وسطی حصے کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی اتحاد داعش تنظیم کے حوالے سے نظر میں آنے والے کسی بھی گھر یا عمارت کو نشانہ بنا ڈالتا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 25 ہزار کے قریب افراد اب بھی شہر میں پھنسے ہوئے ہیں۔