میانمار میں انسانی خوں ریزی کے خلاف سخت قدم اٹھائے حکومت ہند
سہارنپور(ملت ٹائمز)
جمعیة علماءہند سہارنپور نے صدر جمہوریہ ہند کومیمورنڈم ارسا ل کرکے مطالبہ کیاہے کہ روہنگیا مہاجرین مظلوم مسلمانوں کو ملک میں آئین اور عالمی قوانین کے مطابق پناہ دی جائے اور اقوام متحدہ میں بدھشٹوں کے ظلم وجبر کے خلاف آواز بلند کریں۔ آج بعد نماز جمعہ جمعیة علماءسہارنپور کے ضلع نائب صدر مولانا فرید مظاہری کی قیادت میں شہر کے کارکنان نے صدر جمہوریہ ہند کے نام میمورنڈم ڈی ایم کوسونپا۔میمورنڈم میں کہاگیا کہ میانمار میں صدیوں سے آباد روہنگیامسلمانوں کے خلاف میانمار حکومت کی شہ پر فوج اور کچھ بدھشٹ تنظیموں نے ظلم و زیادتی کی انتہاکردی ہے،جس میں ہزاروں لوگوں بشمول خواتین اور بچوں کا بہیمانہ قتل کیا جاچکا جبکہ لاکھوں لوگ اپنے گھر بار اور ملک چھوڑ کر درد ر کی ٹھوکریں کھار ہے ہیں، مسلمانوں کی پوری پوری بستیوں میں فوج نے آگ لگا کر پوری طرح تباہ کردیاہے،اس حوالہ سے سوشل میڈیا پر وائر ل تصاویر اور ویڈیو ناقابل دید اور ناقابل بیان ہے، اس قتل عام کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ میانمار میں انسانیت کا قتل کیاجارہاہے لیکن پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ میانمار کی ہولناک وارداتوں سے ہندوستانی مسلمان بھی صدمہ میں ،جن میں میانما ر حکومت کے خلاف زبردست غصہ ہے ،جمعیة علماءہند ہندوستانی مسلمانوں کی جانب سے اس قتل و غارت گری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت ہند فوری طور پر میانمار سے اپنے تعلقات ختم کرے اور ہمیشہ کی طرح شانتی او امن و انسانی دوستی کاپیغام دیتے ہوئے متاثرہ مہاجرین کو ملک میں پناہ دے اور ان کے ساتھ وہی سلوک کرے جو پاکستان، افغانستان اوربنگلہ دیش آئے دیگر پناہ گزینوں کے ساتھ کیاجارہاہے۔ میمورنڈم دینے والوں میں جمعیة علماءہند ضلع نائب صدر مولانا فریدمظاہری، شہرنائب صدر ایم شاہد زبیری،شہر صدر قاری ناصر جامعی،مولانا جنید،مولانا ساجد حسن، سید ریحان، محمد عارف عثمانی،مسعود بدر،حاجی محمد اکبر،حاجی بہارد احمد خاں،حاجی شمشیر حسن،محمد عالم،اسرار پرمکھ،حاجی نوشاد شمسی،شان الٰہی،نوشاد صدیقی، محمد نعیم،مولاناجاوید،ڈاکٹر شاہکار سمیت کثیر تعداد میں عہدیدان و کارکنان موجودرہے۔