نئی دہلی(ملت ٹائمز)
میانمار میںروہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی سخت مخالفت کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پار ٹی آف انڈیا کی جانب سے نئی دہلی میں میانمار سفارتخانے کے قریب ہوئے احتجاجی مظاہرے کے بعد ملک کے دیگر ریاستوںمیں بھی احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔ ریاست اتر پردیش میں میرٹھ شہر میں ریاستی صدر محمد کامل کی صدارت میںضلعی کلکٹریٹ کے روبر و احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد ضلعی کلکٹریٹ کے توسط سے صدر جمہوریہ کو ایک میمورینڈم سونپا کیا گیا ۔ اس موقع پر ریاستی صدر محمد کامل نے روہنگیا مسلمانوں پر ہورہے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے حملوں کے خلاف نوبل یافتہ Aung San Suu Ki نے اب تک اس قتل عام کے خلاف کسی بھی طرح کی مذمت نہیں کی ہے۔ ایس ڈی پی آئی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر میانمار کے سفیر کو طلب کرکے انہیں کہا جائے کہ وہ میانمار میں امن کے قیام کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ اسی طرح کانپور میں ریاستی جنرل سکریٹری سر ور عالم کی صدارت میں ایس ڈی پی آئی نے ضلعی کلکٹرکے دفتر کے روبرو احتجاجی مظاہرے کے بعد ضلعی کلکٹر کے تو سط سے صدر جمہوریہ کے نام میمورینڈم پیش کیا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کوفی اننان رپورٹ کو میانمار میں نافذ کیا جائے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں ریاستی نائب صدر محمد سلیم، ضلعی صدر محمد آصف ابراہیم، ضلعی جنرل سکریٹری شکیل احمدکے علاوہ محمد جنید،قمرالدین عارف قمر، محمد ہارون، محمد علی ، کفیل خان، محمد علیم، منوج بالمیکی، محمد فاروق فریدی اور دیگر کارکنان موجود تھے۔ ریاست مدھیہ پردیش میں اندور ضلع میں ریاستی جنرل سکریٹری سلیم انصاری کی قیادت میں ایس ڈی پی آئی کے کارکنان نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور بنگلور میں صحافی گوری لنکیش کے قتل کی مذمت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر دیگر ریاستی عہدیداران اور ضلعی عہدیداران اور کارکنان شریک رہے۔